مرکزی حکومت کو باجرے کی خریداری کا کام اپنے ہاتھ میں لینا چاہئے: گہلوت

جے پور، جنوری ۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو ریاست میں کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر باجرے کی خریداری کا کام اپنے ہاتھوں میں لینا چاہئے۔ مسٹر گہلوت نے آج ضلع باڑمیر کے لیے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لیے ایک ورچوئل پروگرام میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ 20 سال پہلے وزیر اعلیٰ تھے تو ہم نے ایم ایس پی پر باجرا خریدا تھا، لیکن اس کے بعد مرکزی حکومت اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ مرکزی حکومت کو اسے اپنے ہاتھ میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست میں باجرہ خریدا جائے۔انہوں نے ریفائنری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو باڑمیر ریفائنری کے معاملے میں بھی دلچسپی لینا چاہیے تاکہ اس کا کام وقت پر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت ہماری حکومت بدل گئی اور ریفائنری کا کام روک دیا گیا، جب کہ ہماری حکومت آتی ہے تو ہم کسی حکومت کا کام نہیں روکتے، لیکن جب بی جے پی کی حکومت آتی ہے تو ہمارے کام روک دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت کیلاش چودھری اس میں دلچسپی لیں تاکہ ریفائنری کا کام وقت پر ہو، اب تک ریفائنری بن جانی چاہیے تھی، وقت زیادہ ہوننے کی وجہ سے اب اس کی لاگت بھی زیادہ آئے گی۔ اس وقت تقریباً چالیس ہزار کروڑ روپے کی لاگت مانی جا رہی تھی جو اب بڑھ کر 70 ہزار کروڑ ہو گئی ہے۔ مسٹر چودھری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ اختراع ہو اور ہم مل کر ریاست کی ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ضلع باڑمیر کو نرمدا سے پانی مل رہا ہے، جل جیون مشن کے لیے کام ہو رہا ہے، باڑمیر کا گیس اور تیل سے کایا کلپ ہو گیا ہے۔ تعلیم، صحت اور سڑکوں کے معاملے میں راجستھان اب بہت آگے نکل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے، آج ضلع باڑمیر کو بہت سے تحفے ملے ہیں، جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے ہو رہے ہیں اور ضلع باڑمیر کی ترقی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونے دی جائے گی۔

Related Articles