مرکزی بجٹ مثبت اور قابل خیر مقدم : نتیش

پٹنہ ، فروری ۔بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کما رنے مرکزی بجٹ کو مثبت اور قابل خیر مقدم بتایاہے ۔مسٹر کمار نے منگل کو ٹوئٹ کر کے کہاکہ مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش کیا گیا بجٹ مثبت اور قابل خیر مقدم ہے ۔ گذشتہ دو سالوں سے ملک کی معاشی ترقی کورونا وبا کی وجہ سے متاثر رہی ہے ۔ ان مشکل حالات سے نکلنے کیلئے مرکزی حکومت کے ذریعہ اپنے بجٹ کے توسط سے ملک کی ترقی کو رفتار دینے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیںجو قابل تعریف ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی قابل خیر مقدم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے ذریعہ اپنے وسائل سے گنگا کے دونوں کناروں کے 13 اضلاع میںحیاتیاتی راہداری( جیویک کوریڈور) کو فروغ دیاجارہاہے ۔ مرکزی بجٹ میں گنگا کے کنارے 5 کیلومیٹر کے دائرے میں قدرتی کھیتی کے کوریڈور کے فروغ کا فیصلہ قابل تعریف ہے ۔مسٹر کمار نے آگے کہاکہ بجٹ میں دھان او رگیہوں کی خریداری کو بڑھانے کے فیصلے سے کسانوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم رہائشی منصوبہ کے تحت 80 لاکھ نئے مکانات کی تعمیر کا فیصلہ قابل خیر مقدم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومتوں کو مرکزی ٹیکسوں کی حصے داری کے طور پر اس سال اور آئندہ سال زائد رقم ملے گی ۔ اس سے ریاستی حکومتوں کی مالی مشکلات کم ہوںگی اور ریاستوں کو راحت ملے گی ۔

Related Articles