سپریم کورٹ نے مجیٹھیا کی گرفتاری 23 فروری تک روک دی

نئی دہلی، جنوری ۔منشیات کی اسمگلنگ معاملے میں ملزم پنجاب کے سابق وزیر اور شرومنی اکالی دل لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا کو عبوری راحت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے ان کی گرفتاری پر 23 فروری تک روک لگا دی ہے۔چیف جسٹس این۔ وی رمن کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کی تین رکنی بنچ نے پیر کو مجیٹھیا کی عبوری ضمانت کی درخواست کی اجازت دے دی، جس سے عرضی گزار کو 24 فروری کو ٹرائل کورٹ کے سامنے خودسپردگی اور باقاعدہ درخواست دینے کا موقع ملا۔پنجاب حکومت کی جانب سے پیش سینئر وکیل اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ پنجاب منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پریشان ہے۔ منشیات فروشی کے ملزم مجیٹھیا کی عبوری ضمانت منظور نہ کی جائے۔بنچ نے ان کی (پنجاب حکومت کی) درخواست کو مسترد کرتے ہوئے چدمبرم سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت سے کہے کہ وہ کوئی ایسی کارروائی نہ کرے جو کسی بھی طرح سے قبل از انتخابات مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی کا باعث بنے۔مجیٹھیا کے وکیل مکل روہتگی نے ضمانت کی عرضی کی حمایت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ چھ سال تک مکمل تحقیقات ہوئی اور ان کے مؤکل کے خلاف کچھ نہیں ملا۔سپریم کورٹ نے جمعرات کو مجیٹھیا (46) کی گرفتاری پر 31 جنوری کو ہونے والی سماعت تک روک لگا کر راحت دی تھی۔ بنچ نے پنجاب حکومت سے کہا تھا کہ درخواست گزار کو سماعت تک گرفتار نہ کیا جائے۔پنجاب کی اہم اپوزیشن شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل کی اہلیہ اور سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل کے بھائی مجیٹھیا پر سال 2018 میں پنجاب میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات سے متعلق تحقیقات کی رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس نے گزشتہ ماہ ایف آئی آر درج کر لی تھی۔سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے ملزم مجیٹھیا نے اس معاملے میں عبوری ضمانت کے لیے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے مجیٹھیا کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا لیکن سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے 24 جنوری کو تین دن کا وقت دیا تھا۔ عدالت نے تین دن کا وقت دینے کے ساتھ ساتھ ملک سے باہر نہ جانے کی شرط بھی عائد کی تھی۔مجیٹھیا نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ پنجاب کی کانگریس حکومت اپنے مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ ان کے خلاف درج مقدمات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ سیاسی وجوہات کی بنا پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔پنجاب میں 20 فروری سے اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ مجیٹھیا نے اس کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ انہیں شرومنی اکالی دل نے ریاست کے امرتسر ضلع کے مجیٹھا اسمبلی حلقہ سے اپنے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے۔

 

Related Articles