سروں کی ملکہ بھارت رتن لتا منگیشکر کاانتقال ملک کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان : نتیش
پٹنہ، فروری۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سروں کی ملکہ بھارت رتن لتا منگیشکر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آنجہانی لتا منگیشکر ایک معروف پلے بیک سنگر تھیں۔ انہیں بھارت رتن، پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت کئی دوسرے اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ رکن پارلیمنٹ ( راجیہ سبھا) رہ چکی ہیں۔ آنے والی نسلیں انہیں ہندوستانی ثقافت کی ایک باوقار شخصیت کے طور پر یاد رکھیں گی، جن کی سریلی آواز میں لوگوں کو مسحور کرنے کی بے مثال صلاحیت تھی۔ ان کا انتقال ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان کی روح کی تسکین اور ان کے اہل خانہ اور مداحوں کو رنج و غم کی اس گھڑی میں صبر کی قوت دینے کی دعا کی ہے۔