راجیہ سبھا کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت نہیں: کھڑگے
نئی دہلی, ستمبر , راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ گزشتہ اجلاس میں 11 اگست کو راجیہ سبھا میں جو کچھ ہوا اس کی جانچ سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین سے کہا ہے کہ کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ معاملہ ختم ہو چکا ہے اور سیشن بھی مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب معاملہ ختم ہو جائے تو اس کے بارے میں دوبارہ سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کو طول نہ دی جائے۔ جب معاملہ ختم ہو چکا ہے تو پھر اسے دوبارہ کھولنے کا کوئی جواز نہیں اور یہ اب پرانی بات ہوچکی ہے اور تمام فریق اس بات پر متفق ہیں کہ اس کی جانچ کے لئے کمیٹی تشکیل نہیں دی جانی چاہیے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ایوان میں مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں سے بات کی ہے اور ہر کوئی اس بات سے متفق ہے کہ 11 اگست کے واقعہ پر کمیٹی نہیں بننی چاہیے۔