راجستھان میں ولبھ نگر ، دھریاود کے ضمنی انتخابات میں 70 فیصد سے زائد پولنگ

جے پور، اکتوبر۔راجستھان کے ضلع ادے پور کے ولبھ نگر اورضلع پرتاپ گڑھ کی دھریاود اسمبلی سیٹ پر ہفتہ کو ہوئے ضمنی انتخابات میں70 فیصد سے زیادہ پولنگ ہوئی۔ ضلع انتخابی دفتر کے مطابق ولبھ نگر اور دھریاود دونوں اسمبلی حلقوں میں تقریباً 70.41 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ ولبھ نگر میں تقریباً 71.45 فیصد اور دھاریود اسمبلی حلقے میں تقریباً 69.38 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ دونوں سیٹوں پر ولبھ نگر سے نو اور دھریاود کے سات سمیت 16 امیدواروں کی انتخابی قسمت ای وی ایم مشینوں میں سیل کر دی گئی جو ووٹوں کی گنتی کے دن 2 نومبر کو کھلے گی۔جدت کی وجہ سے ولبھ نگر اسمبلی حلقہ میں معذور ووٹروں میں ووٹنگ کے تئیں کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور 90.30 فیصد معذور ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ حلقے میں دو ہزار 453 معذور ووٹروں میں سے دو ہزار 215 ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ دھریاود اسمبلی حلقہ میں معذور ووٹروں میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا گیا جہاں دو ہزار 138 معذور ووٹروں میں سے ایک ہزار 764 معذور ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔ ان کا ووٹ فیصد 82.50 رہا۔اس بار اسمبلی ضمنی انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایم-3 ماڈل کی ای وی ایم- وی وی پیٹ مشینوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ پولنگ اہلکاروں کو ای وی ایم کی معیاری تربیت کی وجہ سے ولبھ نگر اسمبلی حلقہ میں صرف ایک ای وی ایم سیٹ اور 10 وی وی پیٹ کو تبدیل کیا گیا۔دونوں حلقوں کے 638 پولنگ سٹیشن میں سے 119 حساس پولنگ سٹیشن میں سے 64 کو لائیو ویب کاسٹنگ کے ذریعے مانیٹر کیا گیا اور لائیو ویب کاسٹنگ کو چار لیول پر مانیٹر کیا گیا جبکہ 29 حساس اسٹیشن پر ویڈیو گرافی کی گئی۔ ولبھ نگر کے 12 پولنگ اسٹیشنوں اور دھریاودمیں 14 پولنگ اسٹیشن پر مائیکرو آبزرور موجود تھے۔ ضمنی الیکشن کے پیش نظر محکمہ الیکشن کی ہدایات پر دونوں حلقوں میں کام کرنے والی ایف ایس ٹی، ایس ایس ٹی اور پولیس ٹیموں نے مل کر ایک کروڑ 31 لاکھ 67 ہزار 464 روپے کا مختلف مواد قبضے میں لے لیا ہے۔

Related Articles