دہلی کی عدالت میں ستیندر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

نئی دہلی، جون ۔دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو وزیر صحت ستیندر جین کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ 18 جون تک کے لیے محفوظ رکھ لیا۔ مسٹر جین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ ای ڈی نے مسٹر جین کو 30 مئی کو آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔خصوصی جج (پی سی ایکٹ) گیتانجلی گوئل نے پیر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے دلائل سننے کے بعد مسٹر جین کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ جج نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 2017 میں مسٹر جین، ان کی اہلیہ پونم جین، اجیت پرساد جین، سنیل کمار جین، ویبھو جین اور انکش جین کے خلاف پی سی ایکٹ 1988 کی دفعہ 13(1)(e) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے اس معاملے میں منی لانڈرنگ کی جانچ شروع کی۔سی بی آئی نے 3 دسمبر 2018 کو جین، ان کی بیوی پونم جین اور ایک اور ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ مسٹر جین نے 14 فروری 2015 سے 31 مئی 2017 کے درمیان دہلی حکومت میں وزیر کے طور پر کام کیا تھا۔ اس عرصے میں انہوں نے جو دولت کمائی وہ ان کے معلوم ذرائع آمدنی سے زیادہ تھی۔ای ڈی نے قبل ازیں 31 مارچ کو مسٹر جین کی ملکیت اور کنٹرول والی کمپنیوں کی 4.81 کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کیا تھا اور پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت 30 مئی کو انہیں گرفتار کیا تھا۔مسٹر جین کے وکیل نے عدالت کے سامنے ضمانت کی عرضی پیش کی کہ مسٹر جین ملک سے باہر جانے والے شخص نہیں ہیں اور اس معاملے میں زیادہ تر ثبوت دیے گئے ہیں جن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جاسکتی۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ ان کے موکل نے ہمیشہ اس معاملے میں تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ جین کو نیند کی کمی کا عارضہ ہے، اس لیے انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت دی جا سکتی ہے۔ ای ڈی کے وکیل نے جین کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش ابھی جاری ہے اور اگر اس مرحلے پر ضمانت دی جاتی ہے تو ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا سکتی ہے۔خصوصی جج (پی سی ایکٹ) گیتانجلی گوئل نے استغاثہ اور دفاع کی طرف سے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ 18 جون تک کے لیے محفوظ رکھ لیا۔

 

Related Articles