دہلی کو ’جھیلوں کا شہر‘ بنائیں گے: رائے

نئی دہلی، مئی۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی میں جھیلوں کے تحفظ اور تزئین کاری کے لیے پابند عہد ہے۔مسٹر رائے کی صدارت میں منگل کو یہاں ڈی پی جی ایس، ویٹ لینڈ اتھارٹی آف دہلی، محکمہ ماحولیات اور زمین کی ملکیت رکھنے والی ایجنسیوں کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ ہوئی۔ اس میں دہلی کی جھیلوں کی تزئین کاری اور تحفظ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔اس پروجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر رائے نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی میں جھیلوں کے تحفظ اور اس کی خوبصورتی کے لیے پابند عہد ہے۔ جھیلیں دہلی کے ماحولیاتی نظام کا ایک اہم حصہ ہیں۔ پانی کا ذریعہ ہونے کے ساتھ یہ آبی حیات کو سہارا دینے اور آب و ہوا کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں تاہم ان جھیلوں کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں دوبارہ زندہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے کل 1045 جھیلوں میں سے تقریباً 1018 جھیلوں کی نقشہ سازی کا کام محکمہ ماحولیات، ویٹ لینڈ اتھارٹی دہلی نے مکمل کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان تمام 1045 جھیلوں کو یو آئی ڈی نمبر بھی الاٹ کیے گئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کی بنیاد پر دیگر جھیلوں کو مزید ترقی دی جائے گی۔وزیر ماحولیات نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت دہلی کو جھیلوں کے شہر کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں دہلی کی 20 جھیلوں کی تزئین کاری اور فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں سنجے جھیل، حوض خاص جھیل، بھلسوا جھیل، اسمرتی ون (کنڈلی)، اسمرتی ون (وسنت کنج)، ٹکری خورد جھیل، نجف گڑھ جھیل، ویلکم جھیل، دریا پور کلاں جھیل، پوٹھ کلاں (سردار سروور جھیل)، منگیش پور اور دھیر پور ، سنجے ون کا ایم پی گرین ایریا، روہنی کا اونتیکا سیکٹر – 1 ڈسٹرکٹ پارک، بروالا، ویسٹ ونود نگر (منڈوالی، فاضل پور)، منڈاولی گاؤں، انداولی گاؤں راجوری گارڈن، بروالا اور جھٹکرا جھیلیں شامل ہیں۔

Related Articles