بی جے پی کی اترپردیش میں ذات برادریوں کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش
نئی دہلی , ستمبر . بھارتیہ جنتاپارٹی نے پانچ ریاستوں کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی انچارجوں کی فہرست جاری کردی جس میں متعدد مرکزی وزراء سمیت بڑے بڑے لیڈران کے نام شامل ہیں۔ ان پانچ ریاستوں میں اترپردیش سیاسی لحاظ سے سب سے اہم ہے جہاں بی جے پی کے سامنے اپنی ساکھ اور وقار برقرارکھنے کا چیلنج ہے۔
اترپردیش میں بی جے پی نے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو الیکشن انچارج کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے مسٹرپردھان کو حالیہ مرکزی کابینہ توسیع میں وزارت تعلیم جیسا اہم شعبہ دیا۔ اترپردیش جیسی بڑی اورسب سے اہم انتخابی ریاست میں مسٹرپردھان کو انچارج بنایا جانا ثابت کرتا ہے کہ اقتدار اور تنظیم دونوں میں مسٹر پردھان کاکرداراہم ہے۔
بی جے پی میں مسٹرمودی کے غلبے کے بعد سے ہی اتر پردیش میں انچارج کی ذمہ داری پارٹی کے قدآوراور مسٹرمودی کے قابل اعتماد لیڈروں کے ہاتھ میں رہی ہے۔ ان میں سب سے پہلے موجودہ وزیر داخلہ اور پھر بی جے پی کے جنرل سکریٹری امت شاہ کو 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں انچارج کی ذمہ داری دی گئی۔ اتر پردیش میں ، بی جے پی نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی کارکردگی کی بدولت مسٹر شاہ کی ترقی ہوئی اور ان کی تاجپوشی بی جے پی کے قومی صدر کے طور پرہوگئی۔ اس کے بعد مسٹر مودی کے ہی خاص اور ان کے وزیر اعلیٰ کے دور کے طویل وقت تک گجرات کے انچارج رہے سینئر لیڈر اوم ماتھر کواترپردیش کا انچارج بنایا گیا۔
اس کے بعد اترپردیش کے 2017 کے اسمبلی اور 2019 کی لوک سبھا میں بی جے پی کے سینئر لیڈر جگت پرکاش نڈا کو الیکشن کاچارج سونپاگیا اور ریاست میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے بعد مسٹر نڈا کی راہ قومی صدر کی کرسی تک پہنچنے کے لئے آسان ہوگئی۔
یہ واضح ہے کہ اتر پردیش میں مسٹر پردھان کو جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ بی جے پی میں ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
در حقیقت مسٹرپردھان مرکزی کابینہ میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کا بنیادی چہرہ ہیں۔ ایسے میں بی جے پی نے ان کے نام کا اعلان کرکے اترپردیش میں اوبی سی کے بڑے طبقے تک پہنچنے کی کوشش کی ہے۔ مانا جارہا ہے کہ مسٹر پردھان کاکردار ایک حکمت عملی کے طور پر مرکزی حکومت اور اتر پردیش پارٹی تنظیم کے درمیان ایک کڑی کی حیثیت سے کا م کرنے کاہوگا۔
مسٹر پردھان اس سے قبل بہار، اتراکھنڈ، چھتیس گڑھ اورکرناٹک جیسی ریاستوں میں انچارج رہ چکے ہیں جن میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی۔ ان ریاستوں میں انہوں نے اوبی سی کے بڑے طبقے کو پارٹی سے جوڑنے کاکام کیا تھا۔ اب مسٹر پردھان کاچیلنج اترپردیش میں پسماندہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کاہے۔