برطانیہ میں کورونا کی صورتحال تسلی بخش ہے، ساجد جاوید
لندن،ستمبر- ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کے سیکریٹری ساجد جاوید نے کہا ہے کہ کووڈ19کی حالیہ صورتحال تسلی بخش ہے اور ایسے کوئی شواہد فی الحال نہیں ہیں کہ حکومت اس سلسلہ میں پلان بی کی طرف جائے۔ انہوں نے یہ بات حکومتی سائنسدانوں کے اس انتباہ کے بعد کہی ہے جس میں خبردار کیا گیا کہ اگر کوویڈ کی پابندیوں کو سخت نہ کیا گیا تو ہسپتالوں میں کوویڈ مریضوں کے داخلے کا دبائو بڑھ جائے گا۔ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ پلان بی پر اسی صورت عمل کیا جائے گا اگر ’’این ایچ ایس‘‘ پر زیادہ دبائو بڑھے گا، جس کے زیادہ امکان نہیں ہیں، علاوہ ازیں سائنٹفک ایڈوائزری گروپ SAGF نے انتباہ کیا ہے کہ اگلے مہینے اکتوبر میں ہسپتال داخل ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد2ہزار روزانہ سے بڑھ کر7ہزار تک ہو سکتی ہے جبکہ فی الحال صرف انگلینڈ میں 750 کوویڈ 19کے مریض روزانہ ہسپتالوں میں داخل ہوتے ہیں، وزیراعظم بورس جانسن نے بھی اس اْمید کا اظہار کیا ہے کہ کیونکہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگا چکیہیں اس لئے مزید پابندیوں سے بچا جاسکتا ہے لیکن اگر ہسپتالوں پر زیادہ بوجھ بڑھا تو بعض احتیاطی تدابیر لاگو کی جاسکتی ہیں مثلاً ویکسین پاسپورٹ، ماسک لازمی پہننا یا زیادہ لوگوں کو گھر سے کام کا مشورہ ، سیکریٹری ہیلتھ نے کہا ہے کہ ہم دوبارہ اسی پرانی پوزیشن پرنہیں جانا چاہتے جس سے ہم باہر آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ماضی کی نسبت ہم بہتر دفاعی پوزیشن میں ہیں کیونکہ ایک سال پہلے کے مقابلہ میں اب زیادہ افراد کو ویکسین لگائی جاسکتی ہے،نیا علاج، بہتر ٹیسٹنگ سسٹم اور نگرانی شامل ہیں۔