ای ڈی نے شیوکمار اور دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی

نئی دہلی، مئی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ معاملہ میں چارج شیٹ داخل کی۔ ای ڈی کے سرکاری ذرائع نے یہاں میڈیا کو بتایاکہ یہ چارج شیٹ منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی مختلف دفعات کے تحت دہلی کی ایک عدالت میں داخل کی گئی ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ کے خصوصی جج وکاس دھول کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ شیوکمار اور دیگر کے خلاف یہ چارج شیٹ 8.59 کروڑ روپے کے اثاثوں کا کوئی حساب کتاب نہ ملنے پر درج کی گئی ہے۔ شیوکمار کے گھر اور دیگر املاک پر انکم ٹیکس محکمہ کے افسران کے چھاپوں کے دوران منی لانڈرنگ کا معاملہ سامنے آیا۔ اگست 2017 میں انکم ٹیکس حکام نے شیوکمار کی نئی دہلی کی رہائش گاہ سے 8.59 کروڑ روپے کی بے حساب نقدی ضبط کی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس نے شیوکمار اور اس کے ساتھیوں سچن نارائن، سنیل کمار شرما، انجنیا ہنومنتھیا اور این راجیندرن پر بھی مبینہ طور پر حساب نقدی منتقل کرنے اور ٹیکس چوری کا الزام لگایا تھا۔ شیوکمار کو ای ڈی نے 3 ستمبر 2019 کو گرفتار کیا تھا اور اس کی تحویل میں توسیع کے بعد اسے تہاڑ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ عدالت نے 23 اکتوبر 2019 کو شیوکمار کو ضمانت دی تھی۔ فی الحال کانگریس لیڈر ضمانت پر ہیں۔

Related Articles