اسرائیل سے تعلقات کی قیمت فلسطینی کاز سے علاحدگی نہیں: ترکی
استنبول،فروری۔ ترکی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اٹھائے جانے والے کوئی بھی اقدام فلسطینی کاز کی قیمت پر نہیں ہوگا۔ٹی آر ٹی ورلڈ کی رپورٹ کیمطابق ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا کہ ’ہم اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے کوئی بھی قدم فلسطینی کاز کی قیمت پر نہیں اٹھائیں گے جیسے کہ بعض دیگر ممالک نے اٹھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ہمارا مؤقف ہمیشہ واضح ہے، ہم وہ ملک ہیں جس نے شروع سے ہی اس مسئلے پر اپنے مؤقف کا واضح طور پر اظہار کیا ہے جبکہ آپ نے پہلے ہی دیکھا ہے کہ گزشتہ 4 سے 5 برس کے دوران کیا ہوا ہے۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ انقرہ اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے سے دو ریاستی حل میں ترکی کے کردار میں اضافہ ہو سکتا ہے لیکن ہم اپنے بنیادی اصولوں اور دو ریاستی حل سمیت اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔’’انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خاص ڈائیلاگ چینل کھولنا ہے تو یہ دونوں فریق چاہیں گے اور اس کے مطابق اقدامات کریں گے۔