سعودی فوٹوگرافر نے تبوک میں پھولوں کی رعنائی کو کیمرے میں محفوظ کر لیا

تبوک،جنوری۔سعودی فوٹوگرافر متعب العمیری نے مملکت کے شہر تبوک کے ضلع البدع میں "الیھق” کے پھولوں کی خوب صورتی اور کھلتے رنگ کو تخلیقی انداز سے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔ اس حوالے سے متعب نے اس منظر کی سحر انگیزی کو نمایاں کرنے کے لیے غروب آفتاب سے پہلے کا وقت چْنا۔ الیھق موسم بہار کا ایک پودا ہوتا ہے۔ اس کی اونچائی 30 سے 40 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔ یہ شکل اور ذائقے میں بڑی حد تک "تارامیر” کے پودے سے ملتا جلتا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے متعب نے بتایا کہ بنفشی رنگ کے پھول زمین پر رنگین غالیچے کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ اس دل موہ لینے والے منظر نے متعب کو مجبور کر دیا کہ وہ میدانوں اور صحرائی علاقوں میں پھیلے ان پھولوں کو اپنے کیمرے کی آنکھ کے ذریعے محفوظ کر لے۔ متعب کے مطابق پھولوں کی اتنی بڑی تعداد حالیہ بارشوں اور البدع کے علاقے میں سیلاب کی موجودگی کا نتیجہ ہے۔متعب العمیری کو بچپن سے ہی فوٹوگرافی کا شوق تھا۔ وہ قدرتی مناظر اور جغرافیائی مقامات میں دل چسپی رکھتے تھے۔ انہیں بارش ، بادل اور سیلابی ریلوں کی تصاویر بنانے سے عشق ہے۔ متعب اس میدان میں پیشہ ورانہ صلاحیت حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

 

Related Articles