ایشیا کپ میں ہندوستان کا تجربہ اہم ثابت ہوگا: سویتا
مسقط، جنوری ۔ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا پونیا نے جمعرات کے روز کہا کہ ٹیم کا تجربہ ایشیا کپ میں اس کی کارکردگی کے لئے اہم ثابت ہوگا۔ ہندوستان 21 جنوری کو ملائیشیا کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ ایف آئی ایچ خواتین ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہے۔سویتا نے کہا، اس ٹیم کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ طویل عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ تجربہ اور ٹیم کا آپسی تال میل ہمیں دوسری ٹیموں پر سبقت دے گا۔گول کیپر نے کہا کہ ہماری بنیادی ترجیح اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم ہر ٹیم کے خلاف بغیر کسی غلطی کے اپنے پلان پر عمل کریں۔دفاعی چیمپئن ہندوستان کو پول اے میں جاپان، ملائیشیا اور سنگاپور کے ساتھ رکھا گیا ہے۔رانی رامپال کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کر رہی سویتا نے اصرار کیا کہ اچھی شروعات ہندوستان کو صحیح رفتار دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ملائیشیا کے خلاف ماضی میں کئی بار کھیل چکے ہیں۔ وہ ایک اچھی ٹیم ہے، ان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے ہمیں ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز ملے گا۔ ایک ٹیم کے طور پر ہم اپنے کھیل پر توجہ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ اس بارے میں زیادہ فکر نہ کریں کہ مخالف ٹیم کیا کر سکتی ہے اور کیا نہیں کر سکتی۔ ہم صرف اپنی طاقت کے مطابق کھیلنا چاہتے ہیں۔ملائیشیا کے خلاف اپنے پہلے میچ کے بعد ہندوستان کا مقابلہ 23 جنوری کو جاپان سے ہوگا اور 24 جنوری کو اس کا پول اے کے آخری میچ میں سنگاپور سے مقابلہ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل 26 جنوری اور فائنل 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔