سعودی عرب: کرونا کیسز گزشتہ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
ریاض،جنوری۔سعودی عرب نے جمعہ کے روز گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3575 نئے کرونا کیسز سامنے آنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد جولائی 2020 کے بعد اب تک یہ پہلا موقع ہے کہ مملکت سعودیہ میں 3500 سے زائد کرونا کیسز سامنے آئے ہیں۔مملکت میں سب سے زیادہ کرونا کیسز جون 2020 میں تقریبا 5000 کیسز منظر عام پر آئے تھے۔سعودی عرب میں اب تک 572،225 کرونا کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 544،978 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ مملکت میں اب تک 8890 افراد کرونا کے سبب موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اب تک 5 کروڑ 20 لاکھ کرونا ویکسینز لگائی جاچکی ہے۔
کرونا ضوابط کی پھر سے سختی:سعودی حکام نے وائرس سے متاثرہ افراد کے قرنطینہ کی شرائط پر نظر ثانی کرتے ہوئے ویکسین شدہ افرادکو کرونا وائرس ہونے کی صورت میں سات دن قرنطینہ جبکہ غیر ویکسین شدہ افراد کو کرونا کے سبب دس دن تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات دی ہیں۔سعودی عرب میں مکہ میں مسجد حرام میں سماجی فاصلے کے ضوابط کی سختی شروع کرتے ہوئے عوامی مقامات سمیت مساجد میں شہریوں کو احتیاط اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عمارتوں کے اندر اور کھلے عام ماسک کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔