کورونا ایس اوپیز: ماسک کی پابندی نہ کرنے پر سینکڑوں جرمانے

لندن ،جنوری۔ لندن میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لندن انڈرگرائونڈ کے536مسافروں کو فی کس200پونڈ کی پنلٹی لگائی گئی۔ میئر لندن صادق خان نے بتایا کہ ان مسافروں کو30نومبر سے21دسمبر کے درمیان ماسک نہ پہننے پر جرمانہ لگایا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق ان میں سے 287افراد کو ٹرانسپورٹ فار لندن نے پنلٹی لگائی۔ یہ اعداد و شمار لندن اسمبلی کی لیبر رکن اسمبلی ایلی بیکر کے میئر آفس سے کئے گئے سوال کے جواب میں پیش کئے گئے۔ دستاویزات کے مطابق اس دورانیے میں 21ہزار602 افراد کو ماسک نہ پہننے پر روکا گیا، جن میں سے زیادہ تر نے اپنے چہروں کو اپنے بیگز یا پاکٹ سے ڈھانپا ہوا تھا یا پھر ماسک درست طور پر نہیں لگایا تھا۔ تاہم ایک ہزار38مسافروں کو خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹ فار لندن میں سوار ہونے سے روک دیا گیا جبکہ 491 کو گاڑی سے اترنے یا پھر اگلے سٹیشن پر اتر جانے کے احکامات دیئے گئے۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ میں تواتر سے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک کی پابندی کیلئے آواز بلند کرتا رہا ہوں اور جب اس کا اطلاق 30 نومبر کو کیا گیا تو میں نے اس کا خیرمقدم کیا۔ اس قانون کے تحت ٹرانسپورٹ فار لندن اور پولیس کو یہ اختیار مل گیا کہ وہ اس کی خلاف ورزی پر مسافر کو سٹیشن میں داخلے یا ٹرین پر سوار ہونے سے روک سکے جبکہ ماسک نہ پہننے پر پہلی مرتبہ جرمانہ 200 پونڈ فکس کیا گیا ہے۔ میئر نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ فار لندن کے پاس اس قانون پر عملدرآمد کیلئے 500 افسران موجود ہیں جبکہ ٹی ایف ایل کو میٹ اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کی خدمات بھی حاصل ہیں، 15 دسمبر تک 536 افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دیگر کے حوالے سے رپورٹس تیار ہورہی ہیں۔

 

Related Articles