جاوید اختر کو کنگنا رناوت کیخلاف کیس میں ناکامی کا سامنا
ممبئی،جنوری۔ بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف قانونی جنگ میں مشہور شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر کو ناکامی کا سامنا ہوا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کی عدالت نے جاوید اختر کی کنگنا رناوت کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر کے وکیل جے بھردواج نے بتایا کہ کنگنا رناوت کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے، کیس کی آئندہ سماعت یکم مئی کو اندھیری میٹروپولیٹن کے مجسٹریٹ میں ہوگی۔خیال رہے کہ جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف 2020 میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرایا تھا۔جاوید اختر نے اداکارہ پر الزام عائد کیا ہے کہ کنگنا رناوت نے ہریتھک روشن کے ساتھ ٹی وی چینل پر لڑائی کے دوران تبصروں میں خواہ مخواہ میرا ذکر کیا جس سے نہ صرف میری ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ بدنامی بھی ہوئی۔