میتھیو ویڈ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بنارہے ہیں
میلبورن، نومبر ۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہیرو میتھیو ویڈ نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال ملک میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے بعد کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ویڈ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ، امید ہے کہ مجھے اس ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع ملے گا اور ہم خطاب کا دفاع کریں گے اور اس کے بعد میں ریٹائر لے سکتا ہوں ۔ میں یقینی طور پر اس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلوں گا۔ اب یہی میرا ہدف ہے۔ آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے باوجود نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل کھیلا تھا۔ انہوں نے اس کے بارے میں کہا، “ظاہر ہے کہ میں میچ سے ایک رات پہلے تھوڑا پریشان تھا۔ اگر میں صبح اٹھتا اور بیٹنگ نہ کر پاتا تو میں نہ کھیلتا لیکن میں میچ اور ٹیم کے لیے اچھا کھیلنا چاہتا تھا۔ مجھے خدشہ تھا کہ اگر ہمیں پہلے بیٹنگ کرنی پڑی اور مجھے جارحانہ انداز میں کھیلنا پڑا اور پھر اگر چوٹ بڑھ گئی تو میں وکٹ کیپنگ نہیں کر پاؤں گا جس سے ٹیم کو بہت نقصان پہنچے گا۔ ویڈ نے یہ بھی کہا کہ انہیں خطابی مقابلے سے قبل ٹریننگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اسے چھپانے کی کوشش کی اورایسا دکھایا کہ وہ ہ فٹ ہیں، لیکن گلین میکسویل نے ان کی پریشانی کو محسوس کیا۔ میں نے ٹریننگ کے دوران کچھ بلے بازی کی اور شاٹس مارے۔ پھر میکسویل نے کچھ اور گیندیں کیں۔ جس طرح وہ بولنگ کر رہے تھے، میں نے کہا کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ پھر انہوں نے کہا کہ میرے عضلات میں کھینچا ؤ ہے۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ انہیں کیسے پتہ چلا۔اس پر آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ویڈ اپنی اسکین رپورٹ کو دیکھنے کے لیے بھی تیار نہیں تھے، لیکن وہ جانتے تھے کہ وکٹ کیپر بلے باز کے لیے یہ مشکل ہونے والا ہے، کیونکہ ان کے پٹھوں میں کھچاؤ تھا۔ واضح رہے کہ ویڈ کے 17 گیندوں پر 41 رنز کی بدولت ہی آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار فتح کے ساتھ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔ ویڈ نے ٹورنامنٹ کے خطرناک گیند بازوں میں سے ایک، شاہین آفریدی کو ریمپ شاٹ کے ذریعہ لگاتار دو چھکے مار کر آسٹریلیا کو فائنل میں پہنچایا تھا، جہاں آسٹریلیا نے پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ٹی -20 ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔