انقرہ اور قاہرہ سفیروں کے تبادلے کے قریب ہیں: ترک وزیر خارجہ
انقرہ،اپریل۔ترکیہ کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کل پیر کو اعلان کیا کہ ان کے مصری ہم منصب سامح شکری اس ہفتے انقرہ کا دورہ کریں گے۔ترکیہ کی انادولو نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انقرہ اور قاہرہ سفیروں کی تقرری کے مرحلے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔گذشتہ ماہ داؤد اوغلو نے قاہرہ کا دورہ کیا تھا جو 11 سالوں میں کسی ترک وزیر خارجہ کا مصر کا اپنی نوعیت کا پہلا دورہ تھا۔سیاسی عزم اور ہدایات مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے دورے کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے سیاسی عزم اور ہدایات موجود ہیں۔قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات 2013 سے کشیدہ ہیں۔ اس کشیدگی کے بعد انہوں نے مئی 2021 میں قاہرہ سے تحقیقاتی بات چیت کا آغاز کیا تھا۔اسی سال جولائی میں ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا تھا کہ مصر کے ساتھ تعلقات کی سطح کو بلند کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے مصر کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اپنے ملک کی کوششوں کی تصدیق کی تھی۔