سویلا بریورمین نے روانڈا کیلئے پروازیں شروع کرنے کی تاریخ بتانے سے انکار کردیا

لندن ،اپریل۔وزیرداخلہ سویلا بریورمین نیکہا ہے کہ غیر قانونی اسائلم سیکرز کی ملک بدری کا عمل اسی موسم گرما میں شروع ہوجائے گا لیکن انھوں نے اسائلم سیکرز کوروانڈا لے جانے کیلئے پروازیں شروع کرنے کی تاریخ بتانے سے انکار کردیا۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت اسائلم سیکرز کو رکھنے کیلئے تمام زمینی مقامات کے علاوہ جہازوں میں بھی انھیں ٹہرانے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے لیکن انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ حکومت نے اسائلم سیکرز کو رکھنے کیلئے بارج حاصل کرنے کیلئے ڈیل پر دستخط کا خیال ملتوی کردیا ہے۔ اتوار کو براڈکاسٹ اسٹوڈیو کے دورے کے دوران ان سے غیر قانونی مائیگریشن کے حوالے سے حکومت کے ریکارڈ سے متعلق بھی سوالات کئے گئے۔ وزیراعظم رشی سوناک اور بریورمین نے کہا کہ چینل سے آنے والی کشتیوں کو روکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے لیکن کمپینرز نے حکومت کے غیرقانونی مائیگریشن سے متعلق بل پر شدید تنقید کی ہے اور اسے تارکین وطن کی آمد روکنے کے حوالے سے غیر موثر قرار دیا ہے۔ وزیرداخلہ نے سکائی نیوزکے سوال پر اسائلم سیکرز کو روانڈا بھیجنے کیلئے پروازیں شروع کرنے کی تاریخ بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت تیزی سے پیش رفت کررہے ہیں۔ تاہم میں پروازوں کی روانڈا روانگی کی تاریخ نہیں دے سکتی۔ ہائی کورٹ اسائلم سیکرز کو روانڈا بھیجنے سے متعلق حکومت کے فیصلے کو قانونی قرار دے چکی ہے لیکن ا س حوالے سے ابھی عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ حکومت ملک میں بہت سی پراپرٹیز کے مالکان سے اسائلم سیکرز کو رکھنے کے حوالے سے بات چیت کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اس ہفتہ کے شروع میں بعض مقامات کے بارے میں بتایا تھا، حکومت کو ان مقامات کے حوالے سے اعتماد اور یقین ہے اور ہم ان سائیٹس کو بہت جلدی استعمال کرنا شروع کردیں گے لیکن ہم تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ روانڈا اسائلم سیکرز کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اسائلم سیکرز کے تحفظ کے حوالے سے ظاہر کئے جانے والے خدشات پر برطانیہ میں ہائی کورٹ کے جج حضرات نے حکومت کے موقف کی حمایت کی ہے۔

Related Articles