والد سخت آدمی تھے، راکی کی شوٹنگ کے دوران لنچ کرنے پر غصہ ہوگئے تھے:سنجے دت
ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کی ایکشن فلموں کے معروف اداکار سنجے دت نے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز فلم راکی سے کیا تھا، مئی 1981 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کی ڈائریکشن سنجے دت کے والد سنیل دت نے دی تھی، جبکہ سنجے فلم کے ہیرو تھے اور اس فلم کی ریلیز کے ساتھ ہی سنجے معروف اسٹار بن گئے۔تاہم اس فلم کے حوالے سے انھوں نے اپنے آنجہانی والد سے وابستہ بعض یادوں کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ انکے والد سیٹ پر ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت غصہ کرتے تھے۔ریئلٹی شو میں بطور مہمان شریک سنجے نے انکشاف کیا کہ ایک بار انھوں نے اجازت لیے بنا لنچ شروع کیا تو والد سنیل دت سخت برہم ہوئے اور چلاتے ہوئے کہا کہ تمہیں کس نے لنچ شروع کرنے کی اجازت دی۔سنجے نے کہا کہ وہ اس فلم کے سیٹ پر اپنے والد کو سر کہا کرتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راکی میں کام کرنا خاصا مشکل ٹاسک تھا اسکی خاص وجہ یہ تھی کہ فلم کے ڈائریکٹر میرے والد تھے۔ایک مرتبہ فلم کی شوٹ کے دوران والد کے اسسٹنٹ فاروق بھائی میرے پاس آئے اور کہا کہ سنجے ہمارے پاس لنچ بریک نہیں ہے لیکن تم جاؤ اور کچھ کھالو، اس دوران میں کھانا کھا رہا تھا کہ ڈیڈ شوٹ کے لیے تیار ہوگئے اور پوچھا کہ سنجے کہاں ہے؟ جس پر فاروق بھائی نے کہا کہ وہ لنچ کررہے ہیں۔بس پھر کیا تھا والد ناراض ہوگئے اور کہا کہ جاؤ اسے اسی وقت واپس بلاؤ، جبکہ وہ مجھ پر زور زور سے چلا کر ناراض بھی ہوتے رہے کہ تمہیں کس نے اسکی اجازت دی۔ جبکہ انھوں نے ڈانٹتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ نہیں سمجھنا کہ تم سنیل دت کے بیٹے ہو۔