البانیز 8 مارچ کودورہ ہندوستان پر احمد آباد پہنچیں گے

نئی دہلی، مارچ۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز 8 مارچ سے 11 مارچ تک ہندوستان کے دورے پر ہوں گے۔مسٹر البانیز آسٹریلیا کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ سینئر وزراء اور ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد بھی آئے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان آ رہے آسٹریلیا کے وزیر اعظم البانیز 8 مارچ کو، یعنی ہولی کے دن احمد آباد پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ قومی دارالحکومت دہلی پہنچنے سے پہلے 9 مارچ کو تجارتی شہر ممبئی جائیں گے۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی وزیر اعظم کے ساتھ وزیر تجارت و سیاحت سینیٹر ڈان فیرل، وزیر برائے وسائل اور شمالی آسٹریلیا میڈلین کنگ ایم پی کے ساتھ سینئر حکام اور ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد بھی ہوگا۔قومی دارالحکومت دہلی میں مسٹر البانیز کا 10 مارچ کو راشٹرپتی بھون کے صحن میں ایک رسمی استقبال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی اور مسٹر البانیز باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل کے علاوہ ہندوستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت تعاون کے شعبوں پر بات چیت کے لیے سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ مسٹر البانیز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مشترکہ اقدار اور جمہوری اصولوں پر مبنی مضبوط اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو جون 2020 میں ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں اپ گریڈ کیا گیا تھا، جسے متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مضبوط اور گہرا کیا گیا ہے۔ مسٹر البانیز کے دورے سے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید رفتار ملنے کی امید ہے۔

Related Articles