انگین آلتان کی زلزلہ متاثرین کے گھروں کی تعمیرِ نو کیلئے امداد کی اپیل
استنبول،مارچ۔شہرۂ آفاق تاریخی سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار انگین آلتان نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔انگین آلتان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔اْنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے ترکیہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ لوگ جنہوں نے اپنے گھر، رشتہ دار اور ذریعہ معاش کھو دیا ہے، ان کی مدد کرنے کے لیے آپ سب کی مدد کی ضرورت ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اس زلزلے کے دوران ملبے تلے دب کر ہزاروں لوگ ہلاک ہوئے اور زخمی ہیں وہ زخموں کی تکلیف اور اپنے پیاروں کو کھونے کے غم سے ہمیشہ کے لیے صدمے میں جا سکتے ہیں لیکن آپ سب مل کر زندگی کی طرف واپس آنے میں ان لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ آپ کے دیے گئے عطیات سے متاثرین کو پانی، خوراک، علاج کی سہولیات اور ان کے گھروں کی تعمیرِ نو کی جائے گی۔انگین آلتان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے عطیات کی اپیل کرنے کا مقصد صرف پیسوں کی ضرورت کو پورا کرنا نہیں ہے بلکہ یہ سب آپ کی ضرورت مند افراد سے محبت کا اظہار ہے۔واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کی صبح کو آنے والے قیامت خیز زلزلے کے باعث اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ گزشتہ روز مشرقی ترکیہ میں 5.6 شدت کے زلزلے سے بھی ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ترک صدر طیب اردگان نے تباہ حال صوبوں میں 2 لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیرِ نو کے منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے۔