میگھالیہ معلق اسمبلی کی طرف گامزن، این پی پی کو بڑی سبقت
شیلانگ، مارچ ۔ میگھالیہ قانون ساز اسمبلی میں ایک معلق حکومت کے قیام کے آثار ہیں جہاں حکمران نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) جمعرات کو 60 رکنی ایوان میں ووٹوں کی گنتی کے پہلے چار گھنٹوں میں واحد سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرتی ہوئ نظر آرہی ہے۔تاہم این پی پی نے اب تک پانچ سیٹیں جیتی ہیں اور پارٹی 20 سیٹوں پر آگے ہے۔ جبکہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی تین سیٹوں پر کامیاب ہوئی ہے اور آٹھ سیٹوں پر آگے ہے۔ اس کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پانچ سیٹوں پر آگے ہے۔ ریاست کی تمام 59 سیٹوں کے رجحانات آ چکے ہیں۔سابق وزیر داخلہ اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ہورجو ڈونکوپر رائے لنگدوہ کی موت کے بعد سوہیونگ حلقے میں انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔چیف منسٹر اور این پی پی کے قومی سپریمو کونراڈ سنگما جنوبی تورا سیٹ پر اپنے قریبی حریف بی جے پی کے برنارڈ ماراک پر 2,830 ووٹوں کے بڑے فرق سے آگے ہیں۔ تاہم، این پی پی کے سینئر وزیر جیمز سنگما نے دادینگرے اسمبلی سیٹ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی امیدوار روپا ماراک سے سات ووٹوں کے معمولی فرق سے گنوا دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ترنمول کانگریس اور وائس آف پیپلز پارٹی (وی پی پی) پہلی بار اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں نے تین تین سیٹیں جیتی ہیں۔میگھالیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور لوک سبھا کے موجودہ رکن ونسنٹ پالا اپنے آبائی شہر سوتانگا-ساپونگ کو این پی پی کی سانتا میری شیلا سے 2,019 ووٹوں سے ہار گئے۔ محترمہ شیلا کو 15,414 ووٹ ملے جب کہ پالا کے 13,395 ووٹ تھے۔ اس کے علاوہ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے امیدوار دو نشستوں پر آگے ہیں جبکہ تین آزاد امیدوار بھی آگے چل رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ اور این پی پی کے قومی وائس چیئرمین پریسٹن ٹائن سونگ اپنے قریبی حریف یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی (یو ڈی پی) کے امیدوار انتھونی جسٹن کونگوانگ سے 4000 سے زیادہ ووٹوں سے آگے ہیں۔یو ڈی پی کے صدر اور موجودہ اسپیکر میٹباہ لنگدوہ مائرانگ اسمبلی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار بٹشیم رنتھیانگ سے معمولی فرق سے آگے ہیں۔ یو ڈی پی سبکدوش ہونے والی این پی پی کی زیر قیادت میگھالیہ ڈیموکریٹک الائنس حکومت میں اتحادی ہے۔ یو ڈی پی کے ایک اور امیدوار اور سماجی بہبود کے وزیر کرمین شایلا خلیہریات اسمبلی حلقہ سے این پی پی کے مضبوط لیڈر نہلانگ لنگدوہ سے 3432 ووٹوں کے بڑے فرق سے آگے چل رہے ہیں۔بی جے پی کے موجودہ وزیر محنت سمبور شولائی مسلسل تیسری بار شیلانگ ساؤتھ کی اپنی سیٹ برقرار رکھنے کی طرف گامزن ہیں، جب کہ پارٹی کے سینئر لیڈر الیگزینڈر لالو ہیک بھی 570 ووٹوں سے آگے ہیں۔ترنمول کانگریس کے ریاستی صدر چارلس پنگروپ یو ڈی پی کے امیدوار جیمینو ماوتھوہ سے 397 ووٹوں سے آگے ہیں۔ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس لیڈر ڈاکٹر مکل سنگما دو سیٹوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر سنگما سونگساک سیٹ پر 77 ووٹوں کے معمولی فرق سے آگے ہیں لیکن تکریکیلا میں وہ 3,719 ووٹوں سے پیچھے ہیں۔