متحدہ عرب امارات کا شام کوتباہ کن زلزلے کے بعد مزیدپانچ کروڑڈالرامداد دینے کااعلان
ابو ظہبی،فروری ۔متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پرزلزلے سے متاثرہ شام کو اضافی پانچ کروڑڈالرکی امداد مہیّا کی جائے گی۔یواے ای نے اس سے پہلے جنگ زدہ ملک کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔امارات کی خبررساں ایجنسی (وام) نے بدھ کے روز خبردی ہے کہ اضافی پانچ کروڑڈالرمیں سے دوکروڑڈالر ’’شام میں اقوام متحدہ کی ہنگامی اپیل کے جواب میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے‘‘۔اطلاعات کے مطابق ان منصوبوں پراقوام متحدہ کے دفتربرائے انسانی امور(یو این او سی ایچ اے) کے تعاون سے عمل درآمد کیا جائے گا۔شام میں گذشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے سے پہلے بھی آبادی کی اکثریت کوانسانی امداد کی ضرورت تھی۔زلزلے سے تازہ تباہی نے مصائب کا شکار شامیوں کے مسائل میں اور اضافہ کردیا ہے۔نیز شامی حزب اختلاف کے زیرقبضہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو اب تک بہت کم امداد ملی ہے کیونکہ حکومت کی عمل داری والے علاقوں کے ساتھ فرنٹ لائن کوسیل کردیا گیا ہے اور صرف ایک سرحدی گزرگاہ باب الہویٰ اسے شمال میں ترکیہ سے ملاتی ہے۔متحدہ عرب امارات نے شام میں زلزلہ زدگان کے لیے اب تک 1,243 میٹرک ٹن خوراک اور طبی امداد، 2،893 خیمے اور 42 امدادی کارکنوں کے ساتھ 38 پروازیں بھیجی ہیں۔ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلوں میں اب تک 41 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔متحدہ عرب امارات نے دونوں متاثرہ ممالک کے لیے مجموعی طورپرامدادی سامان سے لدی 70 پروازیں بھیجی ہیں۔ امارات بھر میں دونوں ممالک میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے عطیات بھی جمع کیے جارہے ہیں۔خلیجی ملک نے حال ہی میں ترکیہ کے شہرغازی عنتاب میں ایک فیلڈاسپتال بھی قائم کیا ہے۔اس میں 50 بستروں پر مشتمل مریضوں کا وارڈ، آپریٹنگ روم اور 75 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم متاثرین کو طبّی خدمات مہیا کرنے کے لیے موجود ہے۔اس نے حال ہی میں ترکیہ کے صوبے حاتائے میں 200 بستروں پر مشتمل ایک اوراسپتال قائم کیا گیاہے۔