لندن: وارینگٹن کے پارک سے ملنے والی زخمی لڑکی دم توڑ گئی

لندن ،فروری ۔وارینگٹن کے کلچیتھ پارک میں شدید زخمی حالت میں ملنے والی لڑکی دم توڑ گئی۔ چیشائر کانسٹیبلری کے ڈیٹیکٹیو چیف انسپیکٹر ایڈم والر نے بتیا کہ ایمرجنسی سروس کو ہفتہ کی سہ پہر تقریباً سوا تین بجے کے قریب پارک طلب کیا گیا، تاہم زخمی لڑکی کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی پولیس لڑکی کی ہلاکت کے حوالے سے انٹرنیٹ پر پھیلی افواہوں سے بخوبی آگاہ ہے، تاہم لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ فی الوقت کوئی نتیجہ نہ اخذ کریں، ہم مقتولہ کی ہلاکت کی وجوہات کا سراغ لگانے کیلئے کئی پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں جبکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کیلئے علاقے میں تحقیقات کے دوران پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔ تاہم اس وقت ہم نہیں سمجھتے کہ علاقہ کے عوام کیلئے کوئی خطرے کی بات ہے، پھر بھی اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہو تو وہ مقامی افسر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوع کو بند کردیا ہے، اس کے ورثاء کو آگاہ کردیا گیا ہے، تاہم لڑکی کی باقاعدہ شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ورینگٹن نارتھ سے لیبر ایم پی چارلٹ نکولس نے کہا ہے کہ انہوں نے بارو کے پولیس کمانڈر سے گفتگو کی ہے اور لوگوں سے بھی اپیل ہے کہ اگر اس واقعے کے وقت کوئی قریب موجود تھا یا اس کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی سی سی ٹی وی یا ڈیش کیم فوٹیج، جو تفتیش میں مددگار ہوسکتی ہو، پولیس سے رابطہ کرے۔ ڈیٹیکٹیو چیف انسپکٹر والر نے بھی کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات ہو، خواہ انتہائی معمولی بھی ہو تو وہ ہم سے رابطہ کرے۔

Related Articles