جسٹس راجیش بندل اور جسٹس اروند کمار نے سپریم کورٹ کے جج کا حلف لیا

نئی دہلی، فروری ۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے پیر کے روز جسٹس راجیش بندل اور جسٹس اروند کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف دلایا۔اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ میں 34 ججوں کی منظور شدہ تعداد مکمل ہو گئی۔جسٹس چندر چوڑ نے سپریم کورٹ کے احاطے میں جسٹس بندل اور جسٹس کمار کو حلف دلایا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 10 فروری کو الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس راجیش بندل اور گجرات ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اروند کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کی منظوری دی تھی۔ وزارت قانون و انصاف نے اسی دن دونوں ججوں کی تقرری کے بارے میں الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی زیرقیادت کالجیم نے 31 جنوری 2023 کو جسٹس بندل اور جسٹس کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔اس سے قبل 06 فروری کو سپریم کورٹ میں پانچ ججوں نے حلف اٹھایا تھا، جب جسٹس چندر چوڑ نے جسٹس پنکج متل، جسٹس سنجے کرول، جسٹس پی وی سنجے کمار، جسٹس احسن الدین امان اللہ اور جسٹس منوج مشرا کو عہدے کا حلف دلایا تھا۔

Related Articles