ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے متاثرین کے لیے امارات نے 22 امدادی طیارے بھجوائے
دبئی،فروری۔ امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام‘‘ نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے آپریشن دی گیلنٹ نائٹ 2 کے ایک حصے کے طور پر ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان لے جانے والے 22 طیارے بھیج دئیے ہیں۔جمعرات کے روز اپنے ایک نشریئے میں’’وام‘‘نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے 640 ٹن امدادی امداد کے ساتھ آپریشن دی گیلنٹ نائٹ 2 کے ذریعے شام اور ترکیہ دونوں میں زلزلہ متاثرین کے لیے اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔انہوں نے یہ کہا کہ یہ امداد دونوں ملکوں کے عوام کی حمایت میں دانشمند قیادت کی ہدایت کے تحت شروع کی گئی تھی۔ یہ امداد عالمی سطح پر ملک کی جانب سے انسانی بنیادوں پر بھیجی جانے والے نیک کے پروگرام کا ایک حصہ ہے۔متحدہ عرب امارات نے ایک فضائی پل کے ذریعے 22 پروازیں چلائی ہیں۔ جن میں شام کے لیے اب تک 7 پروازیں روانہ ہوئی ہیں جن میں انسانی امداد، خوراک اور دیگر سامان شامل تھا۔ 515 خیمے زلزلے سے متاثرہ شامی عوام کو پناہ گاہ فراہم کرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج تک امارات سے ترکیہ کے لیے 15 پروازیں چلائی گئی ہیں جن میں تلاش اور امدادی ٹیمیں گئی ہیں۔ ایک موبائل فیلڈ ہسپتال بھیجا گیا ہے۔ اس ہسپتال میں تمام ضروری آلات موجود ہیں۔ہسپتال کی سہولیات میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، آپریشنز، انتہائی نگہداشت، آؤٹ پیشنٹ کلینکس شامل ہیں۔ 50 بستروں کی گنجائش والا وارڈ ہے۔ ایک لیبارٹری اور ایک فارمیسی، ایکسرے اور سی ٹی خدمات موجود ہیں۔ آرتھوپیڈکس میں ماہر طبی ٹیمیں، جنرل سرجری، اینستھیزیا، انتہائی نگہداشت اور مختلف طبی خصوصیات کے تکنیکی ماہرین موجود ہیں۔گزشتہ پیر کو ترکی اور شام میں آنے والے زلزلے کے بعد امارات کے صدر شیخ محمد بن زا ید النہیان نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے آپریشن دی گیلنٹ نائٹ 2 کے نفاذ کا حکم دیا تھا۔