مشہور فیشن ڈیزائنر پاکو رابان کی موت، ایک عہد کا خاتمہ
پیرس،فروری۔پیدائشی طور پر اسپین سے تعلق رکھنے والے اور عالمی شہرت کے حامل فیشن ڈیزائنر پاکو رابان اٹھاسی برس کی عمر میں فرانس میں انتقال کر گئے۔ وہ اسپین میں باسک کے خطے کے ایک گاؤں میں انیس سو چونتیس میں پیدا ہوئے تھے۔پاکو رابان کا پیدائشی نام فرانسسکو رابانیڈا ای کوئروو تھا اور ان کا انتقال فرانس میں بریٹنی کے علاقے میں پورٹسال کے مقام پر ہوا۔ ان کی موت کی بہت بڑے ہسپانوی کاروباری گروپ پِیوگ (Puig) کے ایک ترجمان نے بھی جمعہ تین فروری کے روز تصدیق کر دی۔پاکو رابان نے سالہا سال کی محنت سے کئی بڑے بڑے کمرشل برانڈز والا جو بزنس گروپ قائم کیا تھا، اسے ہسپانوی بزنس کمپنی پِیوگ ہی کنٹرول کرتی ہے۔ پاکو رابان نے اپنے اس کاروبار اور پاکو رابان نامی لیبل کی قیادت قریب دو عشرے قبل چھوڑ دی تھی۔عالمی شہرت اور کامیابی کے حامل اس ہسپانوی نڑاد فیشن ڈیزائنر نے خاص طور پر 1960ء کی دہائی میں جو مصنوعات ڈیزائن کی تھیں، وہ اپنے مجموعی دھاتی تاثر اور خلائی سفر کے عہد کی عکاس ہونے کی وجہ سے بہت تہلکہ خیز قرار دی گئی تھیں۔ان کی موت کے بعد پِیوگ گروپ کے سربراہ مارک پِیوگ نے کہا، وہ فیشن کی دنیا کی ایک بہت بڑی شخصیت تھے، بہت باہمت سوچ کے مالک، اپنے عمل میں انقلابی اور ساتھ ہی ساتھ قدرے اشتعال انگیزی پر یقین رکھنے والے بھی، جنہوں نے اپنی تخلیقی سوچ اور جمالیاتی تصورات کو بہت ہی منفرد انداز میں دنیا تک پہنچایا۔‘‘اسپین کے ایک باسک گاؤں میں پیدا ہونے والے پاکو رابان فرانس میں ہی پلے بڑھے تھے اور انہوں نے پیرس کے مشہور زمانہ اسکول آف فائن آرٹس سے فن تعمیرات کی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا ہینڈ بیگز اور جوتوں کے اسکیچز بناتے ہوئے کی تھی، جس کے بعد وہ فیشن کی دنیا میں داخل ہو گئے تھے اور پھر انہوں نے ڈیزائنر ملبوسات اور زیورات بھی ڈیزائن کرنا شروع کر دیے تھے۔پاکو رابان نے فیشن کی دنیا کے بعد پرفیومز کی دنیا میں صحیح معنوں میں قدم اس وقت رکھا تھا جب انہوں نے اسپین کے ایک مشہور کاروباری خاندان پِیوگ کے ساتھ 1960ءکے عشرے میں کاروباری اشتراک عمل شروع کیا تھا۔اس کے بعد ہی انہوں نے پرفیومز کے اپنے برانڈ پاکو رابان کو اتنی ترقی دی تھی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والا ایک بہت بڑا نام بن گیا تھا۔