لندن انڈر گراؤنڈ میں توسیع کا منصوبہ مکمل
ناردرن لائن پر دو نئے اسٹیشن مسافروں کیلئے کھل گئے
راچڈیل،ستمبر ۔ لندن انڈر گراؤنڈ میں توسیع کا منصوبہ مکمل ہونے پر ناردرن لائن پر دو نئے اسٹیشنز کو مسافروں کیلئے باضابطہ طو رپر کھول دیا گیا، نائن ایلمز اور بیٹرسی پاور اسٹیشن کے نئے اسٹاپس کو بٹرسی پاور اسٹیشن سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ مسافروں کے لیے کھولا گیا، یہ 1999 میں گرین پارک سے اسٹریٹ فورڈ تک جوبلی لائن کی توسیع کے افتتاح کے بعد لندن انڈر گراؤنڈ کی پہلی بڑی توسیع ہے، میئر آف لندن صادق خان اور ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس نئے اسٹیشن کھولنے کے موقع پر موجود تھے۔ ٹرانسپورٹ فار لندن نے امید ظاہر کی ہے کہ تقریبا 2 2 میل سرنگ کی توسیع کی تعمیر دارالحکومت کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔ کینگٹن سے بیٹرسی پاور اسٹیشن تک لائن کو بڑھانے کا 1.1 بلین پونڈ کا منصوبہ 2015 میں شروع ہوا تھا اور وبائی امراض کی وجہ سے توقف کے باوجود شیڈول سے صرف ایک سال بعد مکمل ہوا، میئر لندن صادق خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ توسیع دارالحکومت کو وبائی امراض سے نجات دلانے کے ساتھ قوم کی معاشی طو رپر مدد کرنے کا منصوبہ ثابت ہو سکتا ہے، ٹی ایف ایل نے کہا کہ توسیع منصوبہ نہ صرف ہزاروں نئی ملازمتوں کا ذریعہ ہے بلکہ خوشحالی کی طرف سے اہم پیش رفت ہے حالیہ برسوں میں اربوں پاؤنڈ کی سرمایہ کاری اس علاقے میں کی گئی ہے ،یہ پاور اسٹیشن اگلے موسم گرما میں ایک بہت بڑی شاپنگ ، انٹرٹینمنٹ اور آفس بلاک میں تبدیل ہونے کی توقع ہے، ایکسٹینشن پروجیکٹ نے نائن ایلمز لین اور بٹرسی پارک روڈ کا 2.5 کلومیٹر کا حصہ بھی دیکھا جسے مکمل طور پر دوبارہ ڈیزائن کیا گیا تاکہ اسے زیادہ پْرکشش ، قابل رسائی اور عوام دوست بنایا جا سکے۔گریٹر لندن اتھارٹی نے توسیع کے لیے خطیر قرض لیا ،مذکورہ اسکیم ٹیوب اسٹیشنوں کی کل تعداد 272 تک لے گئی ہے، پہلی ٹرین پیر کی صبح 5.28 بجے بٹرسی پاور سٹیشن سے روانہ ہوئی ، آف پیک اوقات کے دوران فی گھنٹہ پانچ ٹرینیں ہوں گی جو اگلے سال دگنی ہو کر 10 ٹرین فی گھنٹہ تک پہنچ جائیں گی۔