سر ویوین رچرڈز کی بھارتی بیٹی نے دوسری شادی کرلی
ممبئی ،جنوری۔ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر سر ویوین رچرڈز کی بیٹی مسابا گپتا نے دوسری شادی کرلی۔ ان کی شادی اداکار ستیادیپ مشرا سے ہوئی ہے۔ مسابا نے انسٹاگرام پر فیملی پورٹریٹ شیئر کیا ہے جس میں دولہا، دلہن کے ساتھ سر ویو رچرڈز، مسابا کی ماں اداکارہ نینا گپتا، ان کے شوہر وویک مہرا ، دولہے کی والدہ اور بہن نظر آ رہی ہیں۔خیال رہے کہ مسابا کی پیدائش سنہ 1989 میں ہوئی تھی ، ان کے والدین ویو رچرڈز اور نینا گپتا نے کبھی شادی نہیں کی تھی۔ نینا گپتا نے 2008 میں وویک مہرا سے شادی کی۔ مسابا گپتا ایک معروف فیشن ڈیزائنر ہیں جن کی پہلی شادی 2015 میں مدھو مانٹینا سے ہوئی تھی لیکن 2019 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔ مسابا اور ان کے شوہر ستیادیپ مشرا کی ملاقات 2020 میں ایک شو کے دوران ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں میں قربتیں بڑھنے لگی تھیں۔