سعودی نائب وزیردفاع کاامریکی ایلچی سے یمن کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال
ریاض/واشنگٹن،ستمبر۔سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹم لِنڈرکنگ سے ملاقات کی ہے اور ان سے یمن کی تازہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔شہزادہ خالد نے بدھ کے روزایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’انھوں نے ٹِم لنڈرکنگ سے ملاقات میں یمن کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا ہیاور سعودی امن اقدام کی حمایت کے لیے باہمی کوششوں اور یمنی عوام اور خطے میں سلامتی اوراستحکام کی غرض سے تنازع کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔‘‘یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی شہروں کی طرف میزائل اورڈرون حملے تیز کررکھے ہیں۔عرب اتحاد نے منگل کے روزحوثی ملیشیا کے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کی جانب چھوڑے گئے دو ڈرون کو تباہ کردیا تھا۔اس سے قبل سوموار کوعرب اتحاد نے یمن کی بندرگاہ الصلیف کے ساحلی علاقے کے قریب حوثی ملیشیا کی تخریبی کارروائی کے لیے تیاربارود سے لدی دو کھلونا کشتیوں کوبھی تباہ کردیا تھااور ان کا ممکنہ حملہ ناکام بنا دیا تھا۔عرب اتحاد نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا نے الحدیدہ کی بندرگاہ سے بین الاقوامی جہازرانی کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے۔اس کی یہ تخریبی کارروائیاں اسٹاک ہوم معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔