برٹش ایئر ویز کے ہزاروں مسافروں کو دنیا کے مختلف ایئرپورٹس پر گھنٹوں انتظار کا سامنا
راچڈیل،دسمبر۔کرسمس سے قبل جہاں مختلف یونیز کی طرف سے ہڑتالوں اور افرادی قوت میں کمی کی وجہ سے برطانیہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں تکنیکی خرابی کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ اور موخر ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافر اذیت ناک صورتحال سے دوچار اور کرسمس کی تیاریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں، کرسمس سے چند یوم قبل سامنے آنے والی تکنیکی خرابی کی وجہ سے برٹش ائر ویز کے ہزاروں مسافروں کو دنیا کے مختلف ائر پورٹس پر گھنٹوں انتظار کا سامنا ہے، کرسمس چھٹیاں منانے کیلئے گھروں کو جانے والے افراد اور سیاحوں میں معروف اداکارہ الزبتھ ہرلی بھی شامل ہیں ، خرابی کی وجہ سے ہیتھرو اور گیٹ وک کیلئے ٹرانس اٹلانٹک پروازیں متاثر ہوئیں، مزید پروازوں کے ممکنہ طور پر منسوخ ہونے پر مزید منفی اثرات متوقع ہیں بعض مسافروں نے گھنٹوں رکے رہنے کی اطلاع دی جب کہ کیبن عملہ اور پائلٹ پروازکیلئے انتظار کر تے رہے، مسافروں کی بڑی تعداد کو طیاروں کے اندر، باہر اور ائر پورٹس کے مختلف مقامات پر سوتے دیکھا جا رہا ہے، ہیتھرو کے ٹرمینل 5پر اترنے والے مسافروں کو اپنے سامان کیلئے بھی طویل تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسٹ اینڈرز کے اداکار ایڈم ووڈیٹ نے شکایت کی کہ ایک دوست کو اپنا بیگ آنے کیلئے کئی دن انتظار کرنا پڑا، تکنیکی مسئلے کی وجہ سے برطانیہ کی فلیگ شپ ائرلائن کی پروازوں میں بڑے پیمانے پر تاخیر ہوئی، ہیتھرو کے لیے کم از کم نو طویل فاصلے کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ڈینور، بوسٹن، ٹوکیو، واشنگٹن ڈی سی، نیشول، شکاگو، ٹورنٹو اور نیویارک کیلئے بھی روانگی منسوخ کر دی گئی، مذکورہ پروازوں میں کم از کم5ہزار کے قریب مسافروں کو جانا تھا۔کئی دیگر پروازوں کو بھی طویل تاخیر کا سامنا ہے۔ مشتعل مسافروں نے اپنی مایوسی کو دور کرنے کیلئے ٹوئٹر پر لمبی قطاروں کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں دکھایا گیا کہ کچھ لوگ ٹیک آف کے انتظار میں ہوائی جہاز کی راہداریوںمیں سو رہے ہیں، مسافروں نے صورتحال پر غم وغصے کااظہار کیا ہے۔