جافنا-چنئی کے درمیان براہ راست پرواز دوبارہ بحال
کولمبو، دسمبر ۔ایئر انڈیا کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی الائنس ایئر نے کورونا وبا کی وجہ سے تقریباً تین سال کے وقفے کے بعد چنئی سے جافنا کے لیے اپنی براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔یہ اطلاع منگل کو میڈیا رپورٹ میں دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2020 کے بعد چنئی سے پہلی پرواز پیر کی سہ پہر جافنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔سیاحت کے وزیر ہرین فرنینڈو نے ڈیلی ایف ٹی اخبار کو بتایا کہ ہندوستان سال بہ سال سری لنکا کی سرفہرست منڈی ہے۔ چنئی اور جافنا کے درمیان براہ راست پرواز کا دوبارہ آغاز درحقیقت زیادہ سے زیادہ ہندوستانی سیاحوں کو راغب کرے گا۔ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق سری لنکا نے ہندوستان سے 1,10,077 سیاحوں کی آمد کے ساتھ سال بہ سال ہماری سیاحتی منڈی کو مضبوط کرنا جاری رکھا ہے۔ایئر لائن عالمی سطح پر توسیع کرنے اور پیر، منگل، جمعرات اور ہفتہ کو براہ راست پروازوں کے ساتھ جافنا سے چنئی تک کمرشل فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ایئر لائن نے کہاکہ جافنا سری لنکا کے شمالی سرے پر واقع سب سے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے۔ جافنا اپنی بڑی تمل آبادی کے لیے جانا جاتا ہے اور سری لنکا میں تملوں کے لیے ثقافتی دارالحکومت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کی مہمان نوازی کسی بھی سیاح کو ضرور متاثر کرے گی۔‘فی الحال جافنا کے رن وے پر صرف 75 سیٹر پروازیں ہی لینڈنگ اور ٹیک آف کر سکتی ہیں۔ توقع ہے کہ مستقبل میں بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے رن وے کو دوبارہ تیار کیا جائے گا۔