لیبر آئندہ الیکشن جیتنے، اقتدار سنبھالنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، سرکیئرسٹارمر

گلاسگو ،دسمبر ۔ لیبر پارٹی کے سربراہ سر کیئر سٹارمر نےکہا ہے کہ لیبر پارٹی آئندہ الیکشن جیتے اوراقتدار سنبھالنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ،کنزرویٹو پارٹی نے ملکی معیشت کا انتہائی برا حال کردیا،لیبرپارٹی مہنگائی کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ سکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے کہا کہ سکاٹش نیشنل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں اور عوام کی تمام توقعات اب لیبر پارٹی سے وابستہ ہیں۔ گلاسگو میں پارٹی کے سالانہ گالا ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی یوکے کا آئندہ جنرل الیکشن جیتنے اور ملک کا اقتدار سنبھالنے کو پوری طرح تیار ہے۔ کنزرویٹو پارٹی نے ملکی معیشت کا انتہائی برا حال کردیا ہے۔ وہ اپنی پارٹی کی اندرونی لڑائیوں میں مصروف اور لیڈر بدلتے رہتی ہے۔ سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ ان کی پارٹی برسراقتدار آکر مہنگائی کے بحران اور معیشت کی تعمیر نو جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔سکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے کہا کہ سکاٹش نیشنل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں اور عوام کی تمام توقعات اب لیبر پارٹی سے وابستہ ہیں۔ سر کیئر اسٹارمر اور انس سرور نے گلاسگو سائوتھ سائیڈ کا دورہ بھی کیا۔ سر کیئر اسٹارمر نے انس سرور کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی اسکاٹ لینڈ میں بڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اسکاٹش عوام ’’اسٹیٹس کو‘‘ سے مطمئن نہیں۔ ہم اسکاٹ لینڈ کے معاملے پر تبدیلی لائیں گے لیکن یہ تبدیلی برطانیہ کی یونین کے اندر ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ نئے ریفرنڈم کا آہنی مسئلے پر حمایت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ حنیف راجہ نے انس سرور کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انس سرور نے جب اسکاٹش لیبر پارٹی کی قیادت سنبھالی تو اس وقت پارٹی کی مقبولیت14فیصد پر تھی جوکہ اب31فیصد تک چلی گئی ہے۔ وہ پارلیمنٹ میں بھی پارٹی کو تیسرے سے دوسرے نمبر پر لائے ہیں اور اب وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ کونسلر ثاقب احمد نے کہا کہ لیبر پارٹی اسکاٹ لینڈ کو بدستور یوکے میں رکھنے کے حق میں ہیں اور اس اتحاد میں سب کی کامیابی ہے۔ ڈاکٹر ادریس نے کہا کہ مسلمان کمیونٹی اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ دونوں مقامات پر رہائش پذیر ہیں۔ برطانیہ کے ٹوٹنے کی شکل میں ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ شوکت سلطان نے کہا کہ یوکے، کے لوگ اب کنزرویٹو پارٹی کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ لیبر پارٹی کی پالیسیاں ایک عام آدمی کے بہترین مفاد میں ہیں۔

Related Articles