روس نے یوکرین کی تنصیبات پر میزائل برسا دیئے

کیف ،نومبر۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے اس کے دارالحکومت کیف میں اہم شہری تنصیبات پر 50 سے زائد میزائل حملے کیے ہیں جس سے ملک بھر میں بجلی اور پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کیف کے مئیر وٹالی کلچکو نے کہا کہ دارالحکومت میں 80 فیصد شہری پانی سے محروم ہیں اور تقریباً ساڑھے تین لاکھ گھروں میں بجلی نہیں۔ حملوں کے نتیجے میں شمال مشرقی شہر خارکیف میں توانائی کی تنصیبات متاثر ہوئیں۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں نے یوکرین کی فوجی کمان اور توانائی کے نظام کو نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق، تمام نامزد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے الحاق شدہ علاقے کریمیا میں بحیرہ اسود کے بحری بیڑے پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ کیف کے شہری حکام کے مطابق دارالحکومت میں فضائی دفاعی افواج کے موثر رد عمل کی وجہ سے روس کا کوئی میزائل اپنے ہدف پر نہیں لگا۔ اطلاعات کے مطابق زاپوریڑیا کے علاقے میں نیپرو ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کی ایک تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیال نے کہا کہ مجموعی طور پر یوکرین کے 10 علاقوں میں 18 تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے زیادہ اہداف بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات ہیں۔

Related Articles