شیوسینا لیڈر سدھیر سوری کو امرتسر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
امرتسر، نومبر۔شیوسینا کے سینئر لیڈر سدھیر سوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ پنجاب سے ٹھیک ایک دن قبل جمعہ کو امرتسر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے کمشنر آف پولیس ارون پال سنگھ نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسٹر سوری اپنے سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ گوپال مندر کے باہر دھرنے پر بیٹھے تھے۔ دھرنے میں ایک پگڑی والا نوجوان بھی بیٹھا تھا جس نے موقع ملتے ہی ان پر گولی چلا دی۔ جائے واردات پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے اس کا پیچھا کیا، پہلے اس کی پٹائی کی اور بعد میں اسے پولیس کے حوالے کردیا۔مسٹر سوری کو گزشتہ کئی سالوں سے خالصتانی دہشت گردوں اور ان کے حواریوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس کے پیش نظر حکومت نے ان کی حفاظت میں پنجاب پولیس کے ایک درجن سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے تھے۔ اب پچھلے کچھ دنوں سے ہندو رہنما سدھیر سوری کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کل پنجاب آ رہے ہیں۔ وہ ڈیرہ بیاس پہنچیں گے اور ڈیرہ کے سربراہ بابا گروندر سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورے سے ایک دن قبل ایک ہندو رہنما کے قتل پر سیکورٹی ایجنسیاں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ماہرین اسے خالصتانی زاویہ سے جوڑ کر بھی دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے سیکیورٹی ادارے اور پولیس الرٹ ہیں۔