ڈاکٹرز نے خبردار کیا تھا ڈانس اور ایکشن نہیں کرسکوں گا، ہرتیک کا انکشاف

ممبئی،ستمبر۔بھارتی اداکار ہرتیک روشن نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیبیو سے قبل انہیں ڈاکٹر نے کہا تھا کہ وہ ڈانس اور ایکشن فلم نہیں کر پائیں گے۔ خیال رہے کہ 2000ء میں فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کرنے والے ہرتیک روشن نے اداکاری کے بجائے اپنے رقص سے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔ انہوں نے فلموں میں جدید انداز کا ڈانس متعارف کروایا جو آگے چل کر ان کی پہچان بن گیا۔ اپنی پہلی ہی کامیاب فلم کے بعد ہرتیک روشن یکے بعد دیگر سپر ہٹ فلمیں دیتے رہے، جن میں کبھی خوشی کبھی غم، دھوم 2، یادیں، کوئی مل گیا اور کرش سیریز کی فلمیں قابلِ ذکر ہیں۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ہرتیک روشن اپنی تمام فلموں میں کسی نہ کسی گیت پر ڈانس کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔اسی ڈانس کی وجہ سے مشہور بھارتی اداکار نے فلم وکرم ویدھا کے گیت کے لانچ پر انکشاف کیا کہ ڈیبیو سے قبل انہیں ڈاکٹرز نے خبردار کیا تھا کہ وہ نہ ڈانس کر پائیں گے اور نہ ہی ایکشن فلم کر پائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کو رقص اور ایکشن کے لیے موزوں قرار نہیں دیا تھا، تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنے اوپر خوب محنت کی اور خود کو اس کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج اْس وقت کا 21 سالہ ہرتیک مجھ پر فخر کر رہا ہوگا۔ خیال رہے کہ فلم کہو نا پیار ہے میں ہرتیک کے ساتھ ساتھ امیشا پٹیل نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔

Related Articles