ایران تیل سمگلنگ کے الزام میں پکڑے گئے یونانی ملاحوں کی رہائی پر تیار
تہران،ستمبر۔ایران نے تیل سمگلنگ کے الزام میں پکڑے گئے یونانی شہریوں کو رہا کرنے کا اشارہ دے دیا ہے، امکان ہے کہ ان یونانیوں کو آج پیر کے روز ہی رہا کر دیا جائے گا۔ یہ یونانی شہری تقریبا ایک سو دن سے ایرانی قبضے میں تھے۔ ان کے لیے یونانی حکومت نے غیر معمولی کوشش کی تب جا کر ایران چھوڑنے پر تیار ہوا ہے۔بتایا گیا ہے کہ جب یہ تسلیم کر لیا گیا کہ تیل کی سمگلنگ کرنے والوں نے یہ تیل واشنگٹن لے کر جاناتھا، اس کے بعد ایران نے ان افراد کی رہائی قبول کی ہے۔ واضح رہے ماہ مئی میں دویونانی ملکیت کے آئل ٹینکروں کوسمندر میں اس وقت پکڑ لیا گیا تھا جب وہ تیل لے کر جارہے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ تیل امریکہ لے جایا جانا تھا۔یونان نے اس واقعے کی مذمت کی اور ایرانی اقدام کو شہریوں کو یرغمال بنانے کے مترادف قرار دیا۔ ان کی گرفتاری کی یہ کارروائی ایرانی پاسدران انقلاب نے کی تھی۔ خلیج میں گرفتار کیے گئے اپنے شہریوں کی بعد ازاں ایتھینز نے تصدیق کر دی تھی۔یونانی وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ ایران نے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے اپنے کمانڈوز اتار کر جہاز کے 49 رکنی عملے کو پکڑا اور اس کے بعد تقریبا ایک سو دن تک انہیں یرغمال بنائے رکھا۔ تاہم اتوار کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے پہلے سے اختیار کردہ موقف سے دستبرداری کر کے نرمی دکھائی ہے۔یہ پیش رفت یونان کے ایک اعلی سطح کے وفد کی ایران آمد کے بعد ہوئی۔ یونان نے امریکی درخواست پر ضبط کیے گئے ایرانی جہاز کے 100000ٹن تیل کی ایران کو واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بدلے میں ایران یونانی ملاحوں کو چھوڑ رہا ہے۔