اکشے اور جیکولین کو بی جے پی رہنما کا لیگل نوٹس
ممبئی،اگست۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور سابق رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی نے بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار اور جیکولین فرنینڈس کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔بی جے پی رہنما نے فلم ’رام سیتو‘ کی ٹیم کے 8 دیگر ارکان کو لیگل نوٹس روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں حقوق املاک دانش پر سبق سیکھانا ہے۔اتوار کو بھجوائے گئے قانونی نوٹسز میں سبرامنین سوامی نے ٹوئٹر پر ہندی سینما (ممبئی سینما والا) پر حقائق کو مسخ کرنے اور غلط بیانی کی عادت کا الزام عائد کیا۔سبرامنین سوامی کے وکیل ستیا سبروال کے مطابق ان کے موکل نے بھارتی سپریم کورٹ کے سامنے کامیابی کے ساتھ اپنے دلائل میں 2007 میں رام سیتو کے تحفظ اور اسے محفوظ رکھنے پر مبنی دلائل دیے تھے۔ان کے مطابق اس پروجیکٹ کے باعث ہندوؤں کے مقدس مقام رام سیتو کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کو پتہ چلا کہ 24 اکتوبر کو فلم رام سیتو ریلیز ہورہی ہے اس میں حقائق کو مسخ کیا گیا ہے۔ اس نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلم کا اسکرپٹ کو سبرامنین سوامی سے شیئر کیا جائے تاکہ جھوٹ پر مبنی پکچرائزیشن کو روکا جاسکے اور فلم کے فائنل مسودے کو سبرامنین سوامی کو دیا جائے۔واضح رہے کہ رام سیتو ایک ایکشن ایڈوانچر ڈرامہ ہے، جس میں فلم کے حقیقت یا افسانہ ہونے کے حوالے سے آرکیولوجیکل تحقیق بھی شامل ہے۔فلم کی ہدایات ابھیشک شرما نے دی ہے جکہ یہ اکشے کی کمپنی کی پروڈکشن ہے جسے 24 اکتوبر کو ریلیز ہونا ہے۔