کمال راشد خان 2 سال پرانے ٹوئٹ پر گرفتار
ممبئی،اگست۔بالی ووڈ اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو 2 سال قبل کیے گئے ٹوئٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔میڈیا کے مطابق کمال راشد خان کو ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کمال راشد خان کو 2 سال پہلے متنازع ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا ہے اور آج عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔پولیس نے کہا کہ کمال راشد خان کو پہلے ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔میڈیا کا کہنا ہے کہ کمال راشد خان نے 2020 میں عرفان اور رشی کپور کے بارے میں قابل اعتراض ٹویٹس کیے تھے، ان کے خلاف یووا سینا کے رکن راہول کنال نے ملاڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔ راہول کنال کا کہنا ہے کہ کمال راشد خان کو آج میری شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے، میں ممبئی پولیس کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کمال راشد خان سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز تبصرے اور گندی زبان استعمال کرتا ہے، اس طرح کا رویہ معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل کمال راشد خان نے ٹوئٹر پر ایشیا کپ 2022ء کے دوران روایتی حریف کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی دیکھ کر دلچسپ تبصرہ کیا تھا۔اْنہوں نے لکھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے کو دیکھ کر میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ آئی پی ایل (IPL) میں کھیلنا چاہتے ہیں۔