مصروف اوقات میں واشنگ مشین چلانے پر اضافی رقم ادا کرنا ہوگی

لندن ،اگست۔ موسم سرما میں بجلی کی قلت کم کرنے کیلئے مصروف اوقات میں واشنگ مشین چلانے پر اضافی رقم وصول کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ نیشنل گرڈ الیکٹریسٹی سسٹم آپریٹر پاور گرڈ پر بوجھ کم کرنے یعنی بجلی کم استعمال کرنے والوں کو انعام دینے کی تجویز کا اعلان کرنے کیلئے تیاری کررہا ہے۔ شام 5بجے سے رات کو 8 بجے کے دوران ڈرائیر، ڈش واشر اور گیمز کے استعمال کو کم کر کے 6کلو واٹ فی گھنٹہ کی شرح سے بچت کی جا سکے گی۔ سنڈے ٹائمز نے اس منصوبے کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ گرڈ اب یہ تجویز منظوری کیلئے آفجیم ریگولیٹر کو پیش کرے گا، جس کے بعد توقع ہے کہ اکتوبر سے اس پر عمل شروع کردیا جائے گا۔ نیشنل گرڈ ای ایس او کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم ایک نئی سروس تیار کر رہے ہیں، جس سے موسم سرما کے دوران صارفین کو فائدہ ہوگا اور اس حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت آکٹوپس انرجی صارف کی تجویز پیش کی جائے گی، اس تجویز پر آزمائشی طورپر اس سال کے شروع میں عمل کیا گیا تھا، اس کے تحت 20 پنس فی کیلوواٹ فی گھنٹہ کی ادائیگی کی جائے گی۔ اس حوالے سے قیمتوں کی مختلف کٹیگریز پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں 6پونڈ شامل ہیں۔ فی الوقت اوسط گھرانے کیلئے بجلی کا زیادہ سے زیادہ بل 1,971پونڈ مقرر ہے، تاہم اکتوبر میں یہ رقم 3,500پونڈ کردیئے جائے کا امکان ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے اپریل تک ہر گھر کا اوسط بل 6,000پونڈ تک پہنچ جائے گا۔ آفجیم اب جمعہ کو اکتوبر اور دسمبر میں بلز کے حوالے سے اعلان کرے گا۔

 

Related Articles