’فن لینڈ کی وزیر اعظم رقص کی کچھ زیادہ ہی شوقین ہیں‘
لندن،اگست۔ابھی دو روز قبل فن لینڈ کی خاتون وزیراعظم سانا میرین کی رقص کی ویڈیو پر رد عمل رکا نہیں تھا کہ ان کی ایک اور ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔ دونوں ویڈیوز میں انہیں دوستوں کے ساتھ پارٹیوں میں محو رقص دیکھا جا سکتا ہے۔سانا میرین کا جمعہ کو ایک ٹیسٹ کرایاگیا تھا جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی کہ آیا وہ منشیات استعمال کرتی ہیں یا نہیں۔ ان کی تازہ ویڈیو چھ اگست مقامی وقت کے مطابق صبح چاربجے کی ہے۔ سانا اس طرح کے ’سرپرائز‘ کام پہلے بھی کر چکی ہیں۔ اس تقریب میں ان کے شوہر مارکس رائکن جو سابق فٹ بال کھلاڑی ہیں، نہیں دیکھے گئے جب کہ وزیراعظم کی چار سال کی ایک بیٹی بھی ہے۔ان کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا اور وزیراعظم پر رقص کرنے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔اس سے قبل ایک ویڈیو میں دارالحکومت ہیلسنکی کے ٹیٹیری کلب میں 4 مردوں کے ساتھ رقص کیا اور ہر ایک نے اسے ڈانس فلور پر مدعو کیا۔ ان میں سے ایک فن لینڈ کے پاپ گلوکار اولاوی یوسیورتا تھے جو بعد میں اس جگہ سے چلے گئے۔وزیر اعظم نے محفل میں موجود دوسرے لوگوں سے بھی کہا کہ ان میں سے کوئی ان کے ساتھ رقص کرناچاہتا ہے تو وہ اسٹیج پر آئے۔ رقص کی محفل کے دوران کسی نے اپنا موبائل نکالا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔مختصر ویڈیو میں ہم فن لینڈ کی وزیراعظم کو ایک اجنبی شخص کے ساتھ رقص کرتیدیکھ سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید میں ناقدین کاکہنا ہے کہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز شخصیت کو ایسی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ایک صارف نے لکھا کہ وزیراعظم واضح طور پر نشے میں تھیں۔ انہوں نے تین الگ الگ مردوں کے ساتھ رقص کیا۔ ویڈیو میں کچھ خواتین کو شراب کی بوتلیں لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ایک اجنبی نے خاتون وزیراعظم کی گردن پر بوسہ دینے کی کوشش کی، یا شاید اس کے کان میں سرگوشی کرنے کی کوشش کی۔