امریکی اسپیکر کے دورہ تائیوان کیلئے فوجی پلان تیار
نیویارک،اگست۔ چین کی جانب سے امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کو تائیوان کے دورے سے روکنے کیلئے امریکا کو جاری کیے گئے سخت انتباہ کے باوجود امریکی حکومت نے اس دورے کے حوالے سے عسکری منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اگر نینسی پیلوسی تائیوان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں تو امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نینسی پیلوسی کے تحفظ کیلئے اضافی جنگی بحری جہاز، ایئر کرافٹ اور جاسوس سسٹم اور ایسے دیگر ساز و سامان تائیوان بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج کی طرف سے ’’ہنگامی پلان‘‘ مرتب کیا جا رہا ہے جس کے تحت نینسی پیلوسی کے پرواز کے گرد اضافی حفاظتی حصار کھینچا جائے گا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نینسی پیلوسی کے گرد بفر زون بھی قائم کیا جا سکتا ہے جو چین سے جڑے کسی بھی ممکنہ واقعے کا جواب دینے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔