امریکہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے حکومت کومشکلات
واشنگٹن ،جولائی۔ امریکا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی چیخیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے حکومت بھی شدید مشکلات کا شکار نظر آتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وال اسٹریٹ سے واشنگٹن تک لوگ پہلے سرگوشیوں میں مہنگائی کا رونا روتے تھے لیکن اب عوام میں غم و غصہ پھیلتا جا رہا ہے، امریکا کے مرکزی بینک (فیڈرل یو ایس ریزرو) کی جارحانہ پالیسیوں کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہیں اور دہائیوں بعد ان کی کارکردگی بدترین ریکارڈ کی گئی ہے، اس صورتحال کی وجہ سے صارفین کا اعتماد نچلی سطح تک جا پہنچا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی بینک کی یہ رائے عوام میں غیر مقبول ہو چکی ہے کہ شرح نمو میں کمی کو کسی حد تک برداشت کرکے مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ قرضہ جات کے حصول کی مہنگی قیمتوں (شرح سود) کی وجہ سے حالات خراب ہو رہے ہیں اور صورتحال کی خرابی میں کئی دیگر عوامل بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن میں ہائوسنگ کی کم ہوتی قیمتیں، یوکرین جنگ میں تیزی اور ان کی وجہ سے تیل اور گیس کی قیمتوں کے ساتھ خوراک کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔