16سالہ لڑکی نے 30 سیکنڈز میں 40 امریکی صدور کو شناخت کر کے ورلڈ ریکارڈ بنادیا
سڈنی،جولائی۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی 16سالہ لڑکی نے30 سیکنڈز میں 40 امریکی صدور کو تصاویر کی مدد سے شناخت کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لارا نونان نے 30 سیکنڈز میں 40 امریکی صدور کی تصویر دیکھ کر انہیں ان کے نام سے شناخت کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔رپورٹس کے مطابق لارا کو لیپ ٹاپ پر امریکا کے مختلف صدور کی تصاویر دکھائی گئیں جسے دیکھ کر وہ نام کے ساتھ انہیں شناخت کرتی گئی۔لارا کا کہنا ہے کہ میں آسٹریلوی شہری ہوں، میں کچھ امریکی صدور سے واقف نہیں تھی تاہم میں نے کئی گھنٹے اس مشق میں گزارے کہ ان کے نام کس طرح تیزی سے بولے جائیں۔اطلاعات کے مطابق لارا نے 2021 میں انائے سنگھ کی جانب سے بنائے گئے ریکارڈ کو توڑا ہے جنہوں نے اتنے ہی وقت میں 28 امریکی صدور کو تصویر دیکھ کر شناخت کیا تھا۔اس سے قبل لارا نے ایک منٹ کے اندر سب سے زیادہ مارول کرداروں (88) اور سب سے زیادہ کارٹون کرداروں (102) کو شناخت کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔