بحرین بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل کا افتتاح، مصری صدرالسیسی مہمانِ خصوصی

منامہ،جولائی ۔ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نئے مسافر ٹرمینل کا افتتاح کیا ہے۔اس کی تعمیر پرایک ارب دس کروڑلاگت آئی ہے۔اس میں سالانہ ایک کروڑ 40 لاکھ مسافروں کو سنبھالنے اور ان کی آمدورفت کا انتظام کرنے کی گنجائش ہے۔بدھ کے روزبحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد آل خلیفہ کی موجودگی میں ہوائی اڈے کا ٹرمینل باضابطہ طور پر کھولا گیا ہے۔ یہ توسیعی منصوبہ ملک کے وڑن 2030 اقتصادی پروگرام کا حصہ ہے۔شاہ حمد اور صدرالسیسی نے نئے ٹرمینل کے افتتاح کے لیے ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔شاہ حمد، صدر السیسی اور ولی عہد نے ٹرمینل کے روانگی ہال کی عمارت کا دورہ کیا اور انھیں اس کی مختلف سہولیات کے بارے میں بتایا گیا جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔بحرین ایئرپورٹ کمپنی کے چیئرمین کمال بن احمد بن محمد نے افتتاحی تقریب میں بتایاکہ ’’نیا مسافرٹرمینل مملکت میں شہری ہوا بازی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور یہ خدمات اور ہوائی اڈے کی تنصیبات کے شعبے میں ایک معیاری ترقی کی نمائندگی کرتا ہے‘‘۔انھوں نے کہا کہ اپریل 2016 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو ریکارڈ مدت میں عملی جامہ پہنایا گیا۔اس کا تعمیراتی کام 2020 میں مکمل کیا جاچکا تھا۔ٹرمینل کی نئی عمارت میں سالانہ مسافروں کے انتظام وانصرام کی گنجائش سابقہ ٹرمینل سے چارگنا زیادہ ہے اور اس میں 5500 پارکنگ جگہیں ہیں۔مسافروں کی آمد پر کارروائی کے لیے 104 کاؤنٹر، 24 سیلف چیک ان کاوسکس، 44 امیگریشن کاؤنٹرز، 22 ای دروازے اور 24 روانگی دروازے ہیں۔ہوائی اڈے کے ٹرمینلز میں 3,300 مربع میٹر ڈیوٹی فری جگہ، 21 کیفے اور ریسٹورنٹ، ایک ہوٹل اور ایک بازار ہے۔پورے ٹرمینل کو روایتی بحرینی آرٹ ،مجسموں اور فنون سے مزیّن کیا گیا ہے۔شاہ حمد نے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی افتتاحی تقریب میں مصری صدر کی شرکت پرخوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی آمد بحرینی اور مصری تعلقات کی گہرائی کی تصدیق کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ بحرین کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈا علاقائی اور بین الاقوامی ہوابازی کے شعبے کے ایک اہم مرکزکے طور پر مملکت کی حیثیت کو مستحکم کرے گا اور قومی معیشت اور تنوع کے منصوبوں میں معاون ثابت ہوگا۔بحرین کے اس بین الاقوامی ہوائی اڈے کو حال ہی میں فرانس کے شہر پیرس میں منعقدہ مسافر ٹرمینل ایکسپو میں اسکائی ٹریکس 2022 ورلڈ ایئرپورٹ ایوارڈز میں دنیا کا بہترین نیا ہوائی اڈا قرار دیا گیا ہے۔ایئرپورٹ کا یہ توسیعی منصوبہ گذشتہ 20 سال میں اس شعبے میں بحرین کی سب سے بڑی قومی پیش رفت میں سے ایک ہے۔

 

 

Related Articles