اسپائس جیٹ طیارے کے انجن میں لگی آگ ، بال ۔ بال بچے مسافر

پٹنہ ،جون۔ پرائیوٹ ہوائی سروس کمپنی اسپائس جیٹ کے پٹنہ سے دہلی جانے والے ایس جی ۔ 725 طیارہ کے ایک انجن میں آج دو پہر بارہ بجے پرواز کے ساتھ ہی آگ لگ گئی لیکن پائلٹ کی سوجھ بوجھ سے طیارے کی جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی ۔ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایاکہ اسپائس جیٹ کے ایس جی ۔ 725 طیارہ کے ایک انجن میں جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ سے پرواز کے ساتھ ہی آگ لگ گئی ۔ پھلواری شریف علاقے میں لوگوں نے اڑتے طیارے سے دھواں اٹھتا دیکھا اور اس کی اطلاع پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کو دی ۔ اس کی جانکاری ایئر پورٹ انتظامیہ کو دی گئی ۔اس کے بعد طیارے کی بحفاظت لینڈنگ جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پر کرائی گئی ۔ طیارے میں 185 مسافرسوار تھے ۔ طیارے کی لینڈنگ کرنے کے بعد تمام مسافر وں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔حادثے کی جانکاری ملتے ہی پٹنہ ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر سنگھ ، سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مانوجیت سنگھ ڈھلو ں سمیت دیگر سنیئر افسران جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پہنچ گئے ۔ موقع پر فائربریگیڈ اور ایمبولینس کی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں۔ حالانکہ اس حادثے میں ابھی تک کسی مسافر اور طیارہ کے کسی بھی عملہ کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیںہے ۔ضلع مجسٹریٹ مسٹر سنگھ نے ایئر پورٹ پر نامہ نگاروں کو بتایاکہ اسپائس جیٹ کے پٹنہ ۔ دہلی طیارہ نے جیسے ہی ایئر پورٹ سے پرواز کیا اس کے بائیں انجن میں آگ لگ گئی ۔ پھلواری شریف کے لوگوں نے اڑتے طیارے سے دھواں اٹھتا دیکھا اور فوری طور پر اس کی اطلاع ضلع انتظامیہ کو دی ۔ انتظامیہ نے اس اطلاع پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ایئر پورٹ انتظامیہ کو مطلع کیا ۔ اس کے بعد طیارے کی واپس ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ طیارے کے انجن میں آگ ہوا میں کسی تکنیکی خرابی یا پرندے کے ٹکڑانے کی وجہ سے لگی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ جانچ کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چل پائے گا۔ مسافروں کیلئے متبادل انتظامات ایئر پورٹ انتظامیہ کے ذریعہ کئے جائیںگے ۔سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مانوجیت سنگھ ڈھلو ں نے بتایاکہ ایئر پورٹ پر فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی ایئر پورٹ کے باہر حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے بہار پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس ( ایس ٹی ایف ) کی ٹیم پہنچ گئی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔دریں اثناءطیارے میں موجود ایئر پورٹ کے ایک اہلکار سنجے پانڈے نے بتایاکہ طیارہ نے 12 بجے اڑان بھرا اور اس کے بائیں انجن میں فوراً آگ لگ گئی ۔ کھڑکی کی سیٹ کے پاس بیٹھے ایک دیگر مسافر گورو نے کہاکہ ٹیک آف کے وقت لیفٹ سائڈ ونگ سے کچھ آواز آئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ بعد میں انہیں بائیں جانب سے چنگاڑی اٹھتی دکھی ۔ اس دوران پائلٹ نے کہاکہ حالات کنٹرول میںہیں تب جان میں جان آئی۔خاتون مسافر نے بتایاکہ طیارہ کے پرواز کرنے کے 10-15 منٹ بعد ہی سمجھ میں آگیا کہ کچھ تو گڑبڑہے ۔ طیارے میں بہت آواز آرہی تھی ۔ پلین کبھی رائٹ ۔ کبھی لیفٹ ہورہا تھا ۔ تھوڑی دیر کے لئے وہ بہت ڈر گئی تھی ۔ اس درمیان ایئر پورٹ پر سیکوریٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

Related Articles