اسکاٹ لینڈ، استعمال کرکے پھینک دینے والی پلاسٹک کی اشیاء پر پابندی
گلاسگو ،جون۔ اسکاٹ لینڈ میں تمام کاروباری اداروں اور ٹیک اوے وغیرہ پر ایک بار استعمال کرکے پھینک دینے والی پلاسٹک کی اشیاء پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان اشیا میں پلاسٹک کٹلری، پلاسٹک پلیٹس،اسٹرا، کپ اور پولسٹرین سے بنے کنیٹرز وغیرہ شامل ہیں، یہ پابندیاں آن لائن یا اسٹورز سب پر لاگوہوں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو 5 ہزار پونڈ تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔ ان پابندیوں کا نفاذ لوکل اتھارٹیز کی ذمہ داری ہوگی۔ اسکاٹ لینڈ برطانیہ کی پہلی ریاست ہے جہاں پلاسٹک کی ایسی اشیاء پر پابندی لگائی گئی ہے جن کو ایک باراستعمال کرنے کے بعد پھینک دیا جاتا ہے۔ اسکاٹش حکومت کی سرکلر اکانومی وزیر لورنا سلیٹر نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ ایسی کٹلری کا استعمال کریں جسے دوبارہ بھی استعمال کیا جاسکے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سارے کاروبار پہلے ہی سے گتے سے بنائے گئے کھانے کے کنیٹررز پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ مشکل کا سبب بننے والی پلاسٹک کی اشیاء پر پابندی سے اسکاٹ لینڈ میں کاربن فٹ پرنٹ اور کوڑے کی مقدار کم ہو جائے گی جوہمارے پارکس، ساحل سمندر اور دیگرمقامات پر گندگی پیدا کرتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں ہر سال ایک باراستعمال کرنے والی اشیاء کی تعداد 700 ملین ہے۔