جیکلین فرنانڈز کی جانب سے بھائی کے علاج کیلئے رقم کی فراہمی پرفوٹو گرافر شکرگزار
ممبئی،مئی ۔ بولی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنانڈز نے انسانی ہمدردی کی خاطر ایک احسن اقدام اٹھایا ہے جس پر اداکارہ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔جیکلین فرنانڈز کئی سپر ہٹ فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں تاہم وہ ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔حال ہی میں جیکلین فرنانڈز نے بولی وڈ کے مشہور فوٹو گرافر منوج مہرا کے بھائی کو طبی امداد کے لیے رقم فراہم کی ہے۔ اداکارہ کی ’’یو اونلی لائیو ونس‘‘ (یولو) کے نام سے فاؤنڈیشن بھی ہے۔پچھلے سال کورونا وائرس کے دوران جیکلین نے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی مدد کی تھی۔فوٹو گرافر منوج مہرا نے انسٹا گرام پر لکھا کہ جیکلین فرنانڈز اور ان کے فلاحی ادارے کا دل سے شکریہ کرتا ہوں، آپ نے میرے بھائی کے علاج کے لیے مدد کر کے میرے لیے بڑا کام کیا ہے اور اس مدد کے لیے جتنا بھی شکریہ ادا کروں وہ کم ہے۔منوج مہرا نے کہا کہ میں نے ایک دن آپ کو اس پریشانی کے بارے میں بتایا تھا اور آپ نے بغیر وقت ضائع کیے میری مدد کی۔